شہرقائدمیں ای چالان کا آغاز ہوگیا، جس کے تحت سی سی ٹی وی کیمرے سے فورا چالان کٹ جائے گا

جمعرات 2 اکتوبر 2025 15:51

شہرقائدمیں ای چالان کا آغاز ہوگیا، جس کے تحت سی سی ٹی وی کیمرے سے فورا ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اکتوبر2025ء) شہرقائدمیں ای چالان کا آغاز ہوگیا، جس کے تحت سی سی ٹی وی کیمرے سے فورا چالان کٹ جائے گا۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں ٹریفک پولیس نے ای چالان شروع کردیا، جہاں بھی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ہوگی، فورا چالان کٹ جائے گا۔نئے نظام کے تحت شہر بھر میں لگے سی سی ٹی وی کیمرہ سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے فوری کمپیوٹر ای چالان ہوجائیں گے۔

کراچی کے نجی ہوٹل میں سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہاکہ شہریوں کو قوانین پر عمل درامد کرنا ہوگا۔ڈی ائی جی ٹریفک نے کہا کہ یہ نظام نہ صرف قوانین پر عمل درآمد میں مددگار ہوگا بلکہ حادثات میں کمی کا سبب بھی بنے گا۔پولیس حکام کے مطابق شہر میں ڈرائیونگ لائسنس نظام کو بہتر بنایا گیا ہے اب تک تین لاکھ سے زائد شہری ان لائن ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر چکے ہیں، جس کا مقصد ٹریفک نظام کو بہتر بنانا ہے۔

(جاری ہے)

حکام کے مطابق ای چالان نہ صرف ڈیجیٹل ریکارڈ میں شامل ہوگا بلکہ بذریعہ ڈاک شہریوں کے گھروں پر بھی بھیجا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ شہری ٹریفک پولیس کی آفیشل موبائل ایپ کے ذریعے بھی اپنے چالان کی تفصیلات دیکھ سکیں گے۔ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی سے بچیں تاکہ حادثات سے بچا جاسکے۔دوسری جانب شہر کے مختلف اسٹیک ہولڈرز نے اس نظام پر کئی سوالات اٹھا دیے اور کہا شہر کا انفراسٹرکچر تباہ ہیں لیکن لوگوں کے چالان کیے جا رہے ہیں۔