ملتان پولیس کی رواں ماہ کی 15یوم کی کارکردگی رپورٹ جاری

اتوار 17 اگست 2025 00:00

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2025ء) ملتان پولیس کی رواں ماہ کی 15یوم کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی گئی ۔ ہفتہ کو جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق ملتان پولیس نے رواں ماہ کے پہلے 15یوم کے دوران جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مختلف کارروائیوں کے دوران 256 گینگز کے 622 ملزمان کو گرفتار کر کے 16کروڑ 54لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مال مسروقہ برآمد کیا۔

موثر پٹرولنگ پلان، سنیپ چیکنگ، سرپرائز ناکہ بندی سمیت بہترین حکمت عملی سے مذکورہ جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔ماہ اگست کے پہلے 15یوم کے دوران ملتان پولیس کی جانب سے 2000 سرچ آپریشن کئے گئے، غیرقانونی اسلحہ رکھنے پر 35 ملزمان کو گرفتار کر کے چار رائفلیں،27 پستول اور سینکڑوں گولیاں برآمد کی گئیں۔منشیات کے خلاف کارروائیوں کے دوران 141 ملزمان کوگرفتار کر کے چار کلو گرام سے زائد آئس، 12 کلو گرام ہیروئن، 65 کلو گرام چرس، 5652 بوتلیں دیسی و ولایتی شراب،شراب کی تین چالوبھٹیاں برآمد کی گئیں ۔

(جاری ہے)

ملتان پولیس نے 26 قمار باز ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے دو لاکھ 73ہزار سے زائد وٹک کی رقم برآمد کی۔ماہ اگست کے پہلے 15یوم کے دوران ملتان پولیس نے کل 260 اشتہاری مجرمان کو گرفتار کیا،جس میں سے اے کیٹیگری کے 52، اوربی کیٹیگری کے 208 اور 34 عدالتی مفروران کو گرفتار کیا جبکہ رہائی یافتہ عادی مجرمان کو بھی گرفتار کر کے قانونی کاروائی عمل میں لائی گئی۔

سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر نے کہا ہے کہ شہر میں جرائم کے خاتمے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور پولیس کی جانب سے مؤثر پٹرولنگ پلان بھی ترتیب دیا گیا ہے جبکہ پولیس موبائل، ڈولفن فورس اور محافظ اسکواڈ کی گشت بڑھا دی گئی۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ جہاں وارداتوں کی اطلاعات موصول ہو رہی تھیں وہاں پولیس ٹیموں کو بھی مزید ایکٹو کر دیا گیا ہے۔ سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر نے کہا ہے کہ پولیس ٹیموں کو خصوصی ٹاسک دیا گیا ہے کہ ڈکیتی، راہ زنی، چوری، موٹر سائیکل و دیگر جرائم میں ملوث گینگز کو ٹریس کر کے گرفتار کیا جائے،ملتان پولیس کی جانب سے کرائم کنٹرول کرنے اور شہر میں امن و امان کے قیام کے لیے ہر ممکن اور ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔