بلوچستان فوڈ اتھارٹی کا اسٹار بیکنگ یونٹ کا معائنہ، یونٹ کو فوڈ سیفٹی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر فوری طور پر سیل کردیا گیا

ہفتہ 16 اگست 2025 21:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2025ء) بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے سریاب کے علاقے میں بچوں کی اچانک طبیعت خراب ہونے کی اطلاع پر فوری کارروائی کرتے ہوئے رات گئے پاک اسٹار بیکنگ یونٹ کا معائنہ کیا۔ یونٹ کو فوڈ سیفٹی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر فوری طور پر سیل کردیا گیا۔قبل ازیں سوشل میڈیا پر شکایت موصول ہونے کے بعد ڈائریکٹر جنرل کی ہدایت پر رات گئے بی ایف اے کی ٹیم نے سول ہسپتال کے بچوں کے وارڈ کا دورہ کیا، جہاں طبی عملے نے بتایا کہ 17 بچوں اور 2 خواتین کو بیکری مصنوعات کھانے کے بعد اسپتال لایا گیا جبکہ نواحی کلینک میں مزید 30 بچوں کے کیس رپورٹ ہوئے۔

اسپتال رپورٹ کے مطابق تمام مریضوں میں ایک ہی خطرناک بیکٹیریا کی تشخیص ہوئی ہے۔بعد ازاں بی ایف اے ٹیم نے اسپیشل مجسٹریٹ کے ہمراہ بیکری یونٹ کا معائنہ کیا جہاں صحت و صفائی کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزیاں پائی گئیں۔

(جاری ہے)

معائنے کے دوران نمایاں خلاف ورزیوں میں عملے کی ذاتی صفائی کا فقدان، بیکری کے احاطے میں ناقص صفائی اور کھلا سیوریج، گندے برتن اور مکھن کو ڈھکنے کے لیے گندا کاغذ جبکہ پروڈکشن میں خراب اور سڑی ہوئی مارجَرین اور باسی تیل کا استعمال کیا جارہا تھا۔

یونٹ سے ایکسپائر شدہ ٹاپنگ اور سفید چاکلیٹ برآمد ہواجبکہ کیک اسپنج پر مینوفیکچرنگ اور ایکسپائری تاریخیں درج نہیں تھیں۔ بیکنگ یونٹ کی مشینوں میں لیکیج اور صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات پائے گئے جن کی بناء پر فوری طور پر بیکنگ یونٹ کو سیل اور مختلف سیمپلز لیبارٹری تجزیہ کے لیے روانہ کرتے ہوئے مالکان کے خلاف مزید قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔

کارروائی سے متعلق ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی وقار خورشید عالم کا کہنا ہے کہ عوام کی صحت کے ساتھ کسی کو کھلواڑ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ بچوں کی زندگی کو خطرے میں ڈالنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ بلوچستان فوڈ اتھارٹی عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی کے لیے ہر سطح پر فوری اور سخت اقدامات جاری رکھے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ صارفین کی شکایات پر بی ایف اے کا ریسپانس سسٹم 24 گھنٹے فعال ہے اور ایسی کسی بھی اطلاع پر فوری کارروائی کی جائے گی۔ والدین اور عوام سے اپیل ہے کہ معیاری اشیاء خریدنے جبکہ اپنی اور اپنے بچوں کی صحت کے تحفظ کے لیے فوڈ سیفٹی قوانین پر عملدرآمد میں بی ایف اے کے ساتھ تعاون کریں۔