رائے ونڈ،جناح آبادی گرین بیلٹ پر بااثر افراد نے قبضہ کر کے دکانیں تعمیر کرلیں

درخواستیں دئیے جانے کے باوجود ضلعی انتظامیہ اور پیرا فورس نے کارروائی کرنے کی بجائے چپ سادھ لی

اتوار 17 اگست 2025 11:05

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2025ء)جناح آبادی گرین بیلٹ پر بااثر افراد نے قبضہ کر کے دکانیں تعمیر کرلیں ،ضلعی انتظامیہ اور پیرا فورس نے چپ سادھ لی ۔تفصیلات کے مطابق تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے سامنے جناح آبادی کی گرین بیلٹ پر بااثر افراد نے تعمیرات کا سلسلہ شروع کررکھا ہے ،ریٹائرڈ سکول ٹیچر شاہینہ عبدالرشید کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کو مذکورہ قبضہ کے بارے میں متعدد بار مطلع کیا گیالیکن اے سی آفس کا عملہ قبضہ مافیا کو مبینہ طور پر تحفظ فراہم کررہا ہے ،سرکاری رقبے گرین بیلٹ پر دکانیں تعمیر کرکے بعدازاں فروخت کرکے کروڑوں روپے کی دیہاڑیاں لگائی جارہی ہیں ۔

درخواست گزار خاتون کے مطابق جناح آبادی میں مختلف مقامات پر گرین بیلٹ پر بااثر افراد قبضہ کرکے دکانیں بنا کر فروخت کرچکے ہیں ،ضلعی انتظامیہ اور پیرافورس کو مذکورہ قبضے بارے خود ان کے دفاتر میں اطلاعات اور تحریری درخواست گزار چکی ہوں لیکن طویل عرصہ گزرنے کے باجود سرکاری گرین بیلٹ پر ہونے والی تعمیرات کو مسمار نہیں کیا جارہا بلکہ الٹا مجھے پریشان کیا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق صوبے کو قبضہ گروپ سے پاک کرنے کیلئے بنائی گئی پیرا فورس بھی اس مافیا کے سامنے گھٹنے ٹیک چکی ہے۔