صنعا میں زور دار دھماکے، بجلی کی تنصیبات پر اسرائیلی حملے کا شبہ

دو شدید دھماکوں سے صنعا لرز اٹھا، جس کا ہدف ممکنہ طور پر حریز بجلی کی تنصیب تھی،مقامی شہری

اتوار 17 اگست 2025 14:15

صنعا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2025ء)اتوار کی صبح یمن کے صنعا میں دو شدید دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جو شہر کے جنوب میں واقع بجلی کی تنصیبات کے قریب ہوئے۔ یہ دھماکے ممکنہ طور پر اسرائیلی فضائی کارروائی کا نتیجہ ہو سکتے ہیں۔مقامی شہریوں نے جرمن نیوز ایجنسی کو بتایا کہ دو شدید دھماکوں سے صنعا لرز اٹھا، جس کا ہدف ممکنہ طور پر حریز بجلی کی تنصیب تھی"۔

شہریوں کے مطابق دھماکے کے مقام سے آگ کے شعلے اٹھتے دیکھے گئے، تاہم مزید تفصیلات فوری طور پر دستیاب نہیں ہیں۔حوثی میڈیا نے دعوی کیا کہصنعا میں بجلی کے اسٹیشنز اسرائیلی حملے کا نشانہ بنی"، جس کے نتیجے میں عارضی طور پر بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔دریں اثنا اسرائیلی فوج کے ریڈیو نے کہا کہ ان کے جنگی جہازوں نے صنعا پر حملہ نہیں کیا۔

(جاری ہے)

یہ دھماکے اس شہر میں ایک ماہ سے جاری محتاط خاموشی کے بعد ہوئے ہیں۔

ماضی میں بھی صنعا میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں شدید دھماکے ہوتے رہے ہیں، جن کا مقصد حوثی گروپ کے مختلف مقامات کو نشانہ بنانا تھا۔ اسرائیل کی طرف سے حملے تل ابیب اور بحیرہ احمر میں تجارتی جہازوں پر حوثی حملوں کے جواب میں کیے گئے۔جب سے سات اکتوبر 2023 کو حماس نے اسرائیل کے جنوب پر غیر مسبوق حملہ کیا، حوثی گروپ مسلسل اسرائیل کی طرف بیلسٹک میزائل اور ڈرون فائر کر رہا ہے، جن میں سے بیشتر کو اسرائیل نے روک لیا ہے۔

حوثی گروپ بحیرہ احمر میں بھی اسرائیل سے منسلک ہونے کے شبہ والے تجارتی جہازوں پر حملے کر رہا ہے اور اپنے اقدام کوغزہ میں فلسطینیوں کی حمایت" قرار دیتا ہے۔اسرائیل کی جانب سے بھی حوثی علاقوں پر حملے کیے جاتے ہیں تاکہ ان کے ہتھیار اور ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جا سکے۔