لاہور،17 افراد ڈائریکٹ سپلائی استعمال کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار

اتوار 17 اگست 2025 14:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2025ء) چیف ایگزیکٹیو لیسکو انجنیئر محمد رمضان بٹ کی زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت لیسکو کی اینٹی تھفٹ ٹیم کی کارروائیاں جاری ہیں۔ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے قصور سرکل،کنگن پور سب ڈویژن میں ڈسکو سپورٹ یونٹ کی مدد سے ٹیوب ویل کنکشنز کی چیکنگ کے دوران بجلی چوری کے17 بڑے کیس پکڑے گئے۔

(جاری ہے)

کارروائی کے دوران 17 افراد ڈائریکٹ سپلائی استعمال کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیے گئے، ملزمان کے قبضہ سے 25 کے وی اے ٹرانسفارمر، میٹر اور کیبل موقع پر قبضہ میں لے کر مقدمات درج کرا دیے گئے۔

لیسکو نے بجلی چوری میں ملوث کنکشنز پر کل7 لاکھ یونٹس کا ڈٹیکشن بل جاری کر دیا جس کی مالیت 28 ملین بنتی ہے ۔چیف ایگزیکٹو لیسکو انجنیئر محمد رمضان بٹ نے کہا ہے کہ اس غیر قانونی عمل میں ملوث کسی بھی شخص کو نہیں چھوڑا جائے گا، ہم قومی وسائل کے تحفظ اور تمام صارفین کے لیے منصفانہ بلنگ کو یقینی بنانے کے لیے مکمل طور پرعزم ہیں۔عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ بجلی چوری یا مشکوک سرگرمی کی اطلاع لیسکو ہیلپ لائن 118، لیسکو ویب سائٹ یا قریبی دفتر میں فوری طور پر دیں تاکہ بروقت قانونی کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔

متعلقہ عنوان :