پاکستان ریلوے کو بوگیوں کی کمی کا سامنا، 2 ٹرینیں بند کرنے کی تجویز

شاہ حسین اور خوشحال خان خٹک ایکسپریس کی بندش پر ریلوے ہیڈکوارٹر میں مشاورت جاری ہے

منگل 19 اگست 2025 17:35

پاکستان ریلوے کو بوگیوں کی کمی کا سامنا، 2 ٹرینیں بند کرنے کی تجویز
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اگست2025ء)پاکستان ریلوے کو اپنے ٹرین آپریشنز جاری رکھنے کے لیے بوگیوں کی شدید قلت کا سامنا ہے، جس کے باعث دو اہم ٹرینوں کی بندش پر غور شروع کر دیا گیا ہے۔شاہ حسین ایکسپریس، جو کراچی جانے والی وی آئی پی ٹرین ہے اور 34 بوگیوں کے ساتھ چلائی جاتی رہی ہے، بند کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ اسی طرح خوشحال خان خٹک ایکسپریس، تقریباً 50 بوگیوں کے ساتھ چلنے والی، کی بندش بھی امکان میں شامل ہے۔

(جاری ہے)

ریلوے ذرائع کے مطابق، مسافروں کی کم تعداد اور بوگیوں کی کمی بنیادی وجوہات ہیں۔ موجودہ نظام میں تقریباً 100 بوگیوں کی کمی کے باعث دیگر ٹرین آپریشنز بھی متاثر ہو رہے ہیں۔ریلوے حکام نے دونوں ٹرینوں کی مکمل بندش کے حوالے سے ہیڈکوارٹر میں مشاورت شروع کر دی ہے تاہم حتمی فیصلہ ابھی تک زیر التوا ہے۔ اگر یہ ٹرینیں بند کی جاتی ہیں تو مجموعی ریلوے آپریشنز پر بھی اثر پڑ سکتا ہے اور مسافروں کو متبادل سفری سہولیات کے لیے دیگر ٹرینوں پر انحصار کرنا پڑے گا۔