ٖحلقے میں مختلف سڑکوں کی تعمیر کیلئی160ملین سے زائد کے فنڈز فراہم کیے ہیں‘ ہمایوں اختر خان

اتوار 17 اگست 2025 16:55

-فیصل آباد/تاندلیانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اگست2025ء) سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ حلقے میں مختلف سڑکوں کی تعمیر کے لیی160ملین سے زائد کے فنڈز فراہم کیے گئے ہیں،حلقے کی عوام کی زندگیوں میں بہتری لانا ان پر کوئی احسان نہیں بلکہ ہمارا فرض ہے اور اس کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی،رواں مالی سال میں عوام کو حلقے میں ترقی ہوتی ہوئی نظر آئے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے این اے 97میں زیر تعمیر مختلف سڑکوں کے دورہ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرعلاقہ عمائدین اور عوام کی کثیر تعداد بھی موجود تھی جنہوں نے 160ملین سے زائد کے فنڈز کی فراہمی پر ہمایوں اختر خان سے بھرپور اظہار تشکر کیا۔ سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا کہ ہماری انتھک جدوجہد این اے 97 میں روایتی سیاست کے خاتمے کی نوید ثابت ہوئی ہے،تاندلیانوالہ جو برسوں سے روایتی برادری ازم، وڈیرہ ازم اور خاندانی سیاست کی گرفت میں رہا آج ایک نئے سیاسی دور کی جانب گامزن ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہماری سیاست روایتی نعروں سے ہٹ کر عوامی فلاح و بہبود، شفافیت اور ترقیاتی وژن پر مبنی ہے،ہم نے جو منشور پیش کیا اسے عوام نے بے پناہ پذیرائی دی۔انہوں نے کہا کہ انتخابات کے بعد بھی عوام سے بلا تعطل رابطہ رکھ کر اپنے دیرینہ تعلق کوعملی طو رپر ثابت کیا ہے،ہم نے اپنی استعداد کے مطابق حلقے کے مسائل کے حل اور بالخصوص کسانوں کو گندم کی فصل کی مناسب قیمت کی فراہمی اور ان تک براہ راست سبسڈی پہنچانے کے لیے آواز بلند کی ہے جس کے بعد اب پنجاب حکومت کی جانب سے کسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے منصوبوں کااعلان بھی کیا جا رہا ہے۔