خصوصی میڈیکل کیمپ میں 500 سے زائد سیلاب سے متاثرہ مریضوں کا مفت علاج کیا گیا

اتوار 17 اگست 2025 18:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2025ء) جناح اقبال ساؤتھ ایشین فورم کے زیراہتمام لگائے گئے خصوصی میڈیکل کیمپ میں 500 سے زائد سیلاب سے متاثرہ مریضوں کا مفت علاج کیا گیا جوپانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں، سانس، ہیضہ، پیچش، ٹائیفائیڈ، ہیپاٹائٹس اے اور ای، اسہال کی بیماریوں، جلد اور آنکھوں کے انفیکشن اور دیگر امراض میں مبتلا تھے۔

کیمپ جناح اقبال ساؤتھ ایشین تھنکرز فورم (جساف) راولپنڈی کے زیر اہتمام جناح اقبال ایجوکیشن سکول اصغر مال راولپنڈی میں منعقد ہوا۔ ہولی فیملی ہسپتال سمیت مختلف نجی ہسپتالوں کے ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم ، سٹی لیب اور ہومیوپیتھک ماہرین نے مریضوں کا علاج معالجہ کیا۔ کیمپ کا افتتاح سابق صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر نے کیا ۔

(جاری ہے)

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جمال ناصر نے موسمیاتی تبدیلیوں بالخصوص انسانی صحت پر پڑنے والے دور رس اثرات پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے مزید کہا کہ جناح اقبال فورم کا یہ اقدام موسلا دھار بارشوں سے متاثرہ بے وسیلہ مریضوں کیلئے ایک نعمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جناح اقبال فورم کے چیئرمین رانا عبدالباقی انسانیت کی خدمت اور کمیونٹی ویلفیئر کو فروغ دینے کے اپنے عزم پر ثابت قدمی سے عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ (جساف) سماجی بہبود کے ساتھ ساتھ قومی سماجی خرابیوں کی شناخت کے لیے ایک تشخیصی آلے کے طور پر کام کر رہا ہے۔