فیصل آباد ، کاشتکاروں کو زیتون کی برداشت ستمبر کے دوران شروع کرنے کی ہدایت

پیر 18 اگست 2025 13:16

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2025ء) آری فیصل آباد کے ماہرین آئل سیڈ ریسرچ انسٹیٹیوٹ نے کاشتکاروں کو زیتون کی برداشت ستمبر کے دوران شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ زیتون کی نئی فصل کی کاشت کے لئے گرم معتدل علاقوں اور پانی کے اچھے نکاس والی زمین موزوں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ زیتون کی بہتر پیداوار کے لئے اس کی کاشت گرم معتدل درجہ حرارت والے علاقوں میں کی جاسکتی ہے جبکہ اس کی تجارتی کاشت 30سے 45ڈگری شمالی عرض بلد اور جنوبی بلد کے ان علاقوں میں ہوسکتی ہے جہاں شدید سردی نہ پڑتی ہو۔

انہوں نے کہا کہ زیتون کی زیادہ تر اقسام میں پھل اور پھول بنانے والی کلیوں کے بننے کے مراحل کے لئے بہار سے قبل سردیوں میں تقریباً 2 ماہ کے لئے روزانہ درجہ حرارت کا اتار چڑھاؤ زیادہ تر 1.5اور 15.5ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ زیتون کاپھل عام طور پر ستمبر میں پک کر تیار ہو جاتاہے جسے وسط ستمبر سے برداشت کیاجاسکتاہے۔

انہوں نے بتایاکہ زیتون کی کاشت کے ذریعے ہر سال خوردنی تیل کی درآمد پر خرچ ہونے والا350 ارب روپے کا قیمتی زرمبادلہ بچا کر ملکی معیشت پر پڑنے والے بوجھ کو کم کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ ٹھنڈک کی مطلوبہ ضرورت پوری نہ ہونے کی صورت میں پھول اور پھل نہیں بن سکتے۔انہوں نے بتایاکہ تجربات کے بعد زیتون کی چند اچھی اقسام شمالی پنجاب کے لئے موزوں پائی گئی ہیں جو اس آب وہوا میں اچھی پیداوار دیتی ہیں۔