اے این ایف کی کارروائیوں میں 24کروڑ سے زائد کی منشیات برآمد، 4ملزمان گرفتار

پیر 18 اگست 2025 16:58

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2025ء)ٴ اینٹی نارکوٹکس فورس نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈائون میں 4ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ترجمان کے مطابق اے این ایف کی 5کارروائیوں کے دوران 4ملزمان گرفتار ہوئے جبکہ مجموعی طور پر 24کروڑ 3لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 242.081کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے کارگو شیڈ میں برطانیہ بھیجے جانے والے پارسل سے کپڑوں میں چھپائی گئی 4.300کلو ہیروئن برآمد ہوئی۔

(جاری ہے)

شمس کالونی اسلام آباد میں غیر ملکی نائجیرین خاتون سے 181گرام کوکین برآمد کی گئی اور ملزمہ کو گرفتار کیا گیا۔لورالائی کے علاقے موضع خمازہ کے قریب جھاڑیوں میں چھپائی گئی 162 کلو ہیروئن بھی برآمد ہوئی۔ جامشورو ٹول پلازہ پر بس میں سوار مسافر سے 69.600کلو چرس برآمد ہوئی اور ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ایکسپریس وے اسلام آباد پر خاتون سمیت ایک ملزم سے 6کلو چرس برآمد کی گئی۔ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔