جشنِ آزادی پاکستان کے موقع پر پیرس کے نواحی علاقے میں ایک روزہ نیزہ بازی ٹورنامنٹ کا شاندار انعقاد

پاکستانی اور فرانسیسی گھڑ سواروں کا اپنی گھڑ سواری اور نیزہ بازی کی مہارت کا بھرپور مظاہرہ

Akif Ghani عاکف غنی پیر 18 اگست 2025 14:24

جشنِ آزادی پاکستان کے موقع پر پیرس کے نواحی علاقے میں ایک روزہ نیزہ ..
پیرس ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 اگست 2025ء ) جشنِ آزادی پاکستان کے موقع پر پیرس کے نواحی علاقے میں ایک روزہ نیزہ بازی ٹورنامنٹ کا شاندار انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستانی اور فرانسیسی گھڑ سواروں نے اپنی گھڑ سواری اور نیزہ بازی کی مہارت کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ اس رنگارنگ ایونٹ میں مختلف مقامی نیزہ بازی کلبوں نے حصہ لیا، جبکہ شائقین کی بڑی تعداد، جن میں پاکستانی اور فرانسیسی خاندان شامل تھے، مقابلے دیکھنے کے لیے دور دراز سے پہنچی۔

سبز پگڑیاں اور قومی لباس شلوار قمیض میں ملبوس گھڑ سواروں نے جشنِ آزادی کے رنگوں کو مزید جلا بخشی۔ معزز مہمانوں کا استقبال ڈھول کی تھاپ پر کیا گیا اور گراؤنڈ میں پاکستان کا ملی نغموں سے گونجتا ہوا ماحول پیدا ہوگیا۔

(جاری ہے)

تقریب کے میزبان چوہدری اشرف عارف، چوہدری سجاد نمبردار اور چوہدری ظہیر اصغر نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا، جبکہ کمیونٹی رہنماؤں کی بڑی تعداد کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھانے کے لیے موجود رہی۔

مقابلوں میں گھڑ سواروں نے سنگل اور سیکشن دونوں ایونٹس میں شاندار کھیل پیش کیا اور شائقین سے خوب داد وصول کی۔ • سنگل مقابلے میں
• پہلا انعام: چوہدری ظاہر اصغر مرالہ
• دوسرا انعام: چوہدری صہیب فاروق تارڑ آف چک بساوا 
• تیسرا انعام: چوہدری ظہیر اصغر مرالہ
• سیکشن مقابلے میں
• پہلی پوزیشن: پاک فرانس ایسوسی ایشن (کپتان: چوہدری وسیم سجاد) 
• دوسری پوزیشن: فرانس نیزہ بازی ایسوسی ایشن (کپتان: ملک مدثر وسیر)
• تیسری پوزیشن: فرانس نیزہ بازی ایسوسی ایشن (کپتان: چوہدری مدثر اصغر مرالہ) 
جیتنے والے کھلاڑیوں اور ٹیموں میں انعامات تقسیم کرنے کی سعادت صوفی محمد عارف، چوہدری لیاقت شیر، چوہدری الطاف باؤ، چوہدری سجاد نمبردار اور چوہدری اشرف عارف کو حاصل ہوئی۔

تقریب کے اختتام پر کمیونٹی رہنماؤں نے چوہدری اشرف عارف اور چوہدری سجاد نمبردار کو کامیاب ٹورنامنٹ کے انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کمیونٹی کے لیے ایک شاندار اور یادگار تفریحی دن مہیا کیا۔