ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ کے خلاف مقدمات کی درخواست نمٹادی

عالیہ حمزہ کے خلاف پنجاب میں 21مقدمات درج ،وفاقی سطح پر کوئی کیس نہیں‘وفاقی اور پولیس رپورٹ

پیر 18 اگست 2025 17:17

ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ کے خلاف مقدمات کی درخواست نمٹادی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ کے خلاف مقدمات سے متعلق درخواست نمٹا دی، وفاقی اور پولیس رپورٹ کے مطابق عالیہ حمزہ کے خلاف پنجاب میں 21مقدمات درج جبکہ وفاقی سطح پر کوئی کیس نہیں۔جسٹس سردار اکبر علی ڈوگر نے کیس کی سماعت کی۔سماعت کے دوران پنجاب حکومت کی جانب سے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل محمد فرخ خان لودھی عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ عالیہ حمزہ کے خلاف مقدمات کی تفصیلی رپورٹ سابقہ تاریخ پر ہی جمع کروائی جا چکی ہے۔

عالیہ حمزہ کے وکیل نے بھی پولیس رپورٹ کی کاپیاں عدالت سے وصول کر لیں۔ پنجاب پولیس کی جانب سے جمع کروائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ عالیہ حمزہ کے خلاف صوبے کے مختلف اضلاع میں کل 21مقدمات درج ہیں۔

(جاری ہے)

ان میں لاہور میں 3مقدمات،قصور میں 7مقدمات ،گوجرانوالہ میں 1مقدمہ ،،راولپنڈی میں 4مقدمات ،میانوالی میں 2مقدمات جبکہ فیصل آباد میں 4مقدمات شامل ہیں۔رپورٹ میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ انٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ میں عالیہ حمزہ کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں۔وفاقی حکومت کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق عالیہ حمزہ کے خلاف وفاقی سطح پر کوئی مقدمہ درج نہیں۔تمام رپورٹس جمع ہونے اور وکلا کے دلائل سننے کے بعد لاہور ہائیکورٹ نے عالیہ حمزہ کی دائر کردہ درخواست نمٹا دی۔