وزیرداخلہ محسن نقوی کانادرا سنٹر کوٹ عبدالمالک اور پاسپورٹ آفس شاہدرہ کا اچانک دورہ

پیر 18 اگست 2025 21:20

وزیرداخلہ محسن نقوی کانادرا سنٹر کوٹ عبدالمالک اور پاسپورٹ آفس شاہدرہ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2025ء)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے نادرا سنٹر کوٹ عبدالمالک اور پاسپورٹ آفس شاہدرہ کا اچانک دورہ کرکے شناختی کارڈز اور دیگر دستاویزات اور پاسپورٹ بنانے کے عمل کا جائزہ لیا۔ نادرا سنٹر کوٹ عبدالمالک کا دفتر تزئین و آرائش کی وجہ سے بند تھا جبکہ دو موبائل وین موجود اورانٹرنیٹ ڈائون تھاجس کی وجہ سے شہریوں کی طویل قطاریں لگی ہو ئی تھیں ۔

شہریوںنے شکایت کی کہ ہیلپ لائن پر بھی صحیح طرح رہنمائی نہیں مل رہی۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے شناختی کارڈ بنوانے کے لئے آئے شہریوں کے مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے موقع پر ہی ہدایات دیں۔ وزیر داخلہ نے انٹر نیٹ کا مسئلہ حل کرنے کے لئے بھی احکامات جاری کئے ۔ انہوں نے کہا کہ جب ہر سنٹر سے شناختی کارڈ بنوانے کی سہولت موجود ہے تو شہریوں کو دوسرے سنٹر جانے کا کہنا ناقابل قبول ہے۔

(جاری ہے)

وزیرداخلہ محسن نقوی نے کوٹ عبدالمالک کے سنٹر کو جلد آپریشنل کرنے کی ہدایت بھی کی ۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے پاسپورٹ آفس شاہدرہ میں شہریوں کے مسائل سنے اورپاسپورٹ بنوانے کے عمل کے بارے پوچھا۔ شہریوں نے پاسپورٹ ڈلیوری میں تاخیر بارے شکایات کیں ۔ محسن نقوی نے پاسپورٹ آفس میں فائلیں اور کاغذات دیکھ کر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام ریکارڈ کو فوری طور پر آن لائن کیا جائے اورپاسپورٹ کی ڈلیوری مقررہ مدت میں یقینی بنائی جائے ۔محسن نقوی نے کہاکہ شہری کسی بھی پاسپورٹ سنٹر سے پاسپورٹ بنوا سکتے ہیں، ایک سنٹر سے دوسرے سنٹر کے چکر لگوانا ناقابل برداشت ہے۔ جن بچوں کے والدبیرون ملک مقیم ہیں ان کے کے پاسپورٹ بنوانے کے لئے پالیسی مرتب کی جا رہی ہے۔