محکمہ نارکوٹککس کی منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری

کارروائیوں کے دوران لاکھوں روپے مالیت کی منشیات، 2 موٹرسائیکلیں، ڈیجیٹل کانٹا برآمد، 3 ملزمان گرفتار

پیر 18 اگست 2025 22:17

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2025ء)صوبائی وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سندھ مکیش کمار چاولہ کی ہدایت پر منشیات فروشوں کے خلاف صوبے بھر میں کاروائیاں جاری ہیں۔ محکمہ نارکوٹکس کنٹرول ضلع وسطی کراچی سرکل اور ضلع شرقی سرکل کی منشیات فروشوں کے خلاف دو الگ الگ کاروائیوں میں لاکھوں روپے مالیت کی منشیات اور منشیات فروشی میں استعمال ہونے والی 2 موٹرسائیکلیں برآمد کرکے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق اے ای ٹی او محمد زبیر لاکھو کی سربراہی میں گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر گلبہار کے علاقے میں کاروائی کے دوران دو ملزمان عبدالجبار اور عبدالرشید غزنوی کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے 1450 گرام اعلی کوالٹی کی چرس، ڈیجیٹل کانٹا، دو موٹرسائیکلیں اور 2 موبائل فون برآمد کرلیے۔

(جاری ہے)

ابتدائی تفتیش کے مطابق دونوں ملزمان آپس میں سگے بھائی ہیں۔

ملزمان کے خلاف نارکوٹکس کنٹرول ایکٹ کے تحت مقدمہ نمبر 08/2025 درج کرلیا گیا ہے۔ دوسری جانب محکمہ نارکوٹکس کنٹرول ضلع شرقی سرکل نے اے ای ٹی او ہرجی مل کی سربراہی میں کامران چورنگی گلستان جوہر میں کاروائی کے دوران ملزم طارق علی کے قبضے سے 500گرام (میتھمفیٹامائن) آئس برآمد کرلی۔ ملزم کے خلاف نارکوٹکس کنٹرول ایکٹ کے تحت مقدمہ نمبر 10/2025 درج کرلیا گیا۔

دریں اثنا صوبائی وزیر مکیش کمار چاولہ اور ڈی جی این سی ڈبلیو سندھ اورنگزیب پنھور نے ضلع وسطی اور شرقی سرکل کی ٹیموں کو کامیاب کاروائیوں پر مبارکباد دیتے ہوئے منشیات فروشی اور منشیات اسمگلنگ میں ملوث ملزمان کے خلاف بلاتفریق کاروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ صوبائی وزیر مکیش کمار چاولہ نے کہا کہ صوبے سے منشیات کا خاتمہ سندھ حکومت کا عزم ہے۔

متعلقہ عنوان :