عوام کے حقوق کی حفاظت اور سب کیلئے مساوی مواقع اور انصاف فراہم کرنے پر یقین رکھتے ہیں،گورنربلوچستان

پیر 18 اگست 2025 20:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2025ء) گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ہم عوام کے حقوق کی حفاظت اور سب کیلئے مساوی مواقع اور انصاف فراہم کرنے پر یقین رکھتے ہیں، صوبائی دارالحکومت کوئٹہ اور خاص طور پر اس کے مضافات میں حکومت انفراسٹرکچر، تعلیم اور صحت کی دیکھ بھال میں ٹھوس اقدامات کے ذریعے ترقی دے رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار گورنر مندوخیل نے چیف آف ہزارہ قبائل سردار عباس حیدر ہزارہ کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

گورنر بلوچستان نے چیف آف ہزارہ قبائل سردار عباس حیدر کو شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے حوالے سے ہزارہ قوم کی مشکلات اور تحفظات کو دور کرنے کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے کہا کہ ہزارہ ایک محنت کش قوم ہے اور اس نے ملک اور صوبے کو سپورٹس کے شعبے میں متعدد نامور کھلاڑی فراہم کیےہیں،کوئٹہ شہر میں اخوت، بھائی چارے اور رواداری کی فضاء کو قائم رکھنے کیلئے ہمیں باہمی تعاون، اختلاف رائے کا احترام اور افہام و تفہیم کو فروغ دینا ہوگا۔ اس موقع پر چیف آف ہزارہ قبائل سردار عباس حیدر ہزارہ نے گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل کو مری آباد آنے کی باقاعدہ دعوت دی۔