صوبائی وزیر فضل شکورخان کا صوبے میں موجودہ سیلاب کی وجہ سے قیمتی جانوں پر گہری رنج وتشویش کا اظہار

پیر 18 اگست 2025 20:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2025ء) خیبر پختونخوا کے وزیر برائے محنت فضل شکورخان نے صوبے میں موجودہ سیلاب کی وجہ سے قیمتی جانوں پر گہری رنج وتشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ بارشوں اور طغیانیوں نے صوبے میں شدید تباہی مچائی ہے اور ہزاروں کی تعداد میں لوگ بے گھر ہوکر متاثر ہوئے ہیں جبکہ سڑکوں اور بنیادی ڈھانچے کو بھی کافی نقصان پہنچا ہے ۔

اپنے دفتر سے جاری اخباری بیان میں صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ مشکل کی اس گھڑی صوبائی حکومت اور محکمہ محنت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔انہوں نے ہدایت جاری کی کہ محکمہ محنت کا عملہ فوری طور پر ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ملکر سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد و بحالی کے سرگرمیوں میں بڑ چڑھ کر حصہ لیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محکمہ محنت کے افسران و عملہ فیلڈ میں موجود رہیں گے اور دستیاب وسائل بروئے کار لا کر آبادکاری کے سرگرمیوں میں اپنا قومی و انسانی فریضہ سرانجام دیں گے ، محکمہ محنت ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں، اور دیگر محکموں کے ساتھ مل کر اس قدرتی آفت سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے ۔

انہوں نے تمام اہلکاروں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ خدمت خلق کے جذبے سے سرشار ہو کر کام کریں اور متاثرین کے چہروں پر امید اور سہارا واپس لانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

متعلقہ عنوان :