سعیدآباد پولیس کی کارروائیاں ، اسٹریٹ کرائمز اور منشیات فروشی میں ملوث 5 ملزمان گرفتار

پیر 18 اگست 2025 21:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2025ء) سعیدآباد پولیس نے دو مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز اور منشیات فروشی میں ملوث 5مبینہ ملزمان کوگرفتارکرکے ان کے قبضے سے اسلحہ اورمنشیات برآمد کرلی۔

(جاری ہے)

پیر کو ایس ایس پی کیماڑی کے مطابق مشرف کالونی سیکٹر ڈی کے قریب پولیس نے پہلی کارروائی میں نجیب اللہ ولد ندیم کوگرفتار کیاجس پر12نامعلوم افرادنے آکرپولیس پرحملہ کر دیا جس میں ایک پولیس اہلکارزخمی ہوگیااور ملزمان اپنے ساتھی نجیب اللہ کوپولیس کی حراست سے چھڑوا نے کی کوشش کررہے تھے کہ پولیس نے نجیب اللہ سمیت 3مزیدملزمان کو گرفتار کرکے ایک غیر قانونی پستول 30بور بمعہ لوڈ میگزین اور موبائل فونز برآمدکرلیے جبکہ ملزم کے باقی ساتھی فرارہوگئے۔

گرفتار ملزمان میں نجیب اللہ ولد ندیم،حاجی مثل خان ولد حاجی اشرف خان ،منور ولد حاجی مثل خان اورسلاور خان ولد حاجی مثل خان شامل ہیں۔دوسری کارروائی کے دوران پولیس نے حب ریور روڈ یوسف گوٹھ کے قریب سے منشیات فروش غوث علی ولد نور محمدکوگرفتار کرکے اس کے قبضے سے 2کلو 600 گرام چرس اور نقدی برآمد کرلی۔پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش کا آغاز کردیاہے۔