اراکین سینیٹ کا خیبرپختونخوا سمیت ملک کے مختلف حصوں میں سیلاب سےقیمتی جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس

پیر 18 اگست 2025 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2025ء) اراکین سینیٹ نے خیبرپختونخوا سمیت ملک کے مختلف حصوں میں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے قیمتی جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے متاثرین کی ہر ممکنہ مدد یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔ پیر کو ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹر محسن عزیز کی حالیہ سیلاب کے دوران این ڈی ایم اے کی کارکردگی پر تحریک پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے سینیٹر حاجی ہدایت اﷲ نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں سیلاب سے شدید تباہی ہوئی ہے، امدادی کارروائیوں میں تیزی لائی جائے۔

سینیٹر ضمیر گھمرو نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتا ہوں، سندھ حکومت نے خیبرپختونخوا کے عوام کیلئے فوری امداد بھیجی، این ڈی ایم اے کی استعداد کار میں مزید اضافہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دریائوں کے درمیان ہوٹل بنانے کیلئے درخت کاٹے گئے، بلند و بالا عمارتیں تعمیر کی گئیں، ہمیں قدرتی توازن کو برقرار رکھنا چاہئے، خیبرپختونخوا میں ٹمبر مافیا طاقتور ہے، ہمیں متاثرین کی مدد کے ساتھ ساتھ قدرتی آفت کی وجوہات کا تعین کرنا ہو گا، متاثرہ علاقوں میں ہنگامی صورتحال نافذ کی جائے۔

سینیٹرز مرزا آفریدی، کامران مرتضیٰ، بلال مندوخیل، منظور کاکڑ، سرمد علی، سینیٹر عبدالوسع، شہادت اعوان، ایمل ولی خان، عون عباس بپی، وقار مہدی،فلک نازچترالی،گردیپ سنگھ،روبینہ ناز اور ندیم بھٹو نے بھی اظہار خیال کیا اور کہا کہ ملک بھر کے سیلاب متاثرین کو فوری امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور مستقبل میں قدرتی آفات سے بچائو کیلئے جدید ٹیکنالوجی پر مبنی اقدامات کئے جائیں۔