فیصل آباد،امین ٹاؤن میں ساڑھے 4 کنال رقبہ کے سرکاری پلاٹ پر ناجائز قبضہ کی کوشش ناکام

پیر 18 اگست 2025 22:10

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2025ء) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر سرکاری اراضی پر ناجائز قابضین کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے بھاری مشینری کے ذریعے بھرپور آپریشن کرکے امین ٹاؤن میں ساڑھے 4 کنال رقبہ کے سرکاری پلاٹ پر ناجائز قبضہ کی کوشش ناکام بنا دی اور قبضہ کے لئے تعمیر کی گئی چار دیواری کو مسمار کر کے ناجائز قبضہ میں ملوث افراد کے خلاف مقدمہ کے اندراج کے لئے متعلقہ پولیس تھانہ میں استغاثہ دائر کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق امین ٹاؤن میں پبلک یوٹیلٹی کے پلاٹ پر ناجائز قبضہ سے متعلق اطلاع ملنے پر ڈی جی ایف ڈی اے نے ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ اسماء محسن کو فوری کارروائی کی ہدایت کی جس کی تعمیل کرتے ہوئے اسٹیٹ آفیسر انیب اسلم رندھاوا کی سربراہی میں بلڈنگ انسپکٹر ثناء اللہ و دیگر سٹاف پر مشتمل ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم تشکیل دی گئی جس نے بھاری مشینری کے ذریعے آپریشن کر کے مفاد عامہ کے لئے مختص 4 کنال 9 مرلے رقبہ کے سرکاری پلاٹ پر ناجائز قبضہ واگزار کروا لیا۔

(جاری ہے)

اس دوران تعمیر کی گئی غیر قانونی چار دیواری و دیگر تعمیرات کو مسمار کر دیا گیا۔ ناجائز قابضین کے خلاف مقدمہ کے اندراج کے لئے متعلقہ پولیس تھانہ میں رابطہ کر لیا گیا۔ ایف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے خبردار کیا گیا ہے کہ سرکاری پلاٹ پر ناجائز قبضہ سے باز رہیں اس ضمن میں قانون شکنی کو قطعاً برداشت نہیں کیا جائے گا اور ناجائز قبضہ کی کوشش میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :