پولیو کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے،ڈپٹی کمشنرلاڑکانہ

پیر 18 اگست 2025 23:10

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2025ء) این آئی ڈیز (NIDs) یکم ستمبر سے 07 ستمبر 2025 تک شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ وجاہت غفور میرانی کی صدارت میں اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں پولیس محکمہ صحت کے افسران، محکمہ تعلیم کے نمائندے، تحصیل سطح کے افسران، ضلعی انتظامیہ کے نمائندے اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔

اس موقع پر پولیو کے فوکل پرسن نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ضلع لاڑکانہ چار تحصیلوں پر مشتمل ہے۔ مزید بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ مہم میں 97 فیصد ہدف حاصل کیا گیا تھا جبکہ اس مہم میں ہماری بھرپور کوشش ہوگی کہ 100 فیصد ہدف حاصل کیا جائے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ وجاہت غفور میرانی نے متعلقہ افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے اور مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

جہاں بھی بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے نہ پلائے گئے ہوں وہاں والدین سے ملاقات کرکے انہیں راضی کیا جائے کہ وہ اپنے بچوں کو ضرور قطرے پلائیں۔ انہوں نے تمام سرکاری افسران اور مختلف این جی اوز پر زور دیا کہ آنے والی مہم کو کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے تاکہ کوئی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے محروم نہ رہ جائے، پولیو ورکرز گھر گھر جاکر پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں تاکہ اس موذی مرض سے اپنے پھول جیسے بچوں کو بچایا جا سکے۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ نے یہ بھی کہا کہ اسکولوں میں ویڈیوز کے ذریعے اساتذہ اور طلبہ کو پولیو سے متعلق آگاہی دی جائے۔انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت دی کہ پولیو ورکرز کو ہر قسم کی سکیورٹی فراہم کی جائے تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔ اجلاس میں گزشتہ مہم کے مسائل پر بھی بحث ہوئی اور ان کے حل کے لیے تجاویز بھی پیش کی گئیں۔اس کے بعد ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ وجاہت غفور میرانی نے لاڑکانہ شہر کی مختلف مساجد اور امام بارگاہوں میں گھڑیاں بھی تقسیم کیں۔

متعلقہ عنوان :