سیلاب ایمرجنسی، متاثرہ اضلاع میں صحت کے شعبے کی مربوط حکمت عملیظڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر شاہد یونس کی قیادت میں اہم پیش رفت

منگل 19 اگست 2025 04:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2025ء)خیبر پختونخوا کے شمالی اضلاع میں حالیہ تباہ کن سیلاب کے بعد متاثرہ عوام کو فوری اور مؤثر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے ایک جامع اور مربوط حکمت عملی اپنائی ہے۔ اس سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز، ڈاکٹر شاہد یونس کی زیر صدارت صحت کے شعبے میں شراکتی اداروں کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام متعلقہ اداروں نے شرکت کی اور سیلاب ایمرجنسی کے دوران اپنی معاونت اور خدمات سے آگاہ کیا۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز، ڈائریکٹر ڈی جی ایچ آئی ایس، ڈائریکٹر ایچ آر، ہیلتھ آفیسرز اور مختلف شراکتی تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد سیلاب سے متاثرہ مالاکنڈ ریجن (بونیر، سوات، شانگلہ، اور باجوڑ) میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کو مؤثر بنانا اور تمام اداروں کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینا تھا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر شاہد یونس نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ‘‘اس نازک وقت میں تمام شراکت داروں کی بروقت اور مربوط کوششیں ہی متاثرہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔’’انہوں نے تمام اداروں کو ہدایت کی کہ وہ ڈی جی آفس کے نامزد سیکشن کے ساتھ بروقت رابطہ یقینی بنائیں تاکہ وسائل کی دوہری تقسیم سے بچا جا سکے اور متاثرہ افراد کو بہتر طبی خدمات فراہم کی جا سکیں۔

ڈاکٹر شاہد یونس کی قیادت میں محکمہ صحت نے نہ صرف شراکتی اداروں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا بلکہ ایک مربوط اور شفاف نظام کی بنیاد بھی رکھی، جس کے ذریعے سیلاب زدہ علاقوں میں طبی امداد کی فراہمی کو مؤثر بنایا جا رہا ہے۔ ان کی قائدانہ صلاحیتوں اور وژن کی بدولت محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے ایک فعال اور متحدہ ردعمل کو یقینی بنایا ہے۔محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے اس موقع پر تمام شراکتی اداروں کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ڈاکٹر شاہد یونس کی قیادت میں متاثرہ علاقوں میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کو ترجیح دی جائے گی، تاکہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :