اسرائیل غزہ کے فلسطینیوں کو دانستہ بھوکا مار رہا ہے، انسانی حقوق کی تنظیم

منگل 19 اگست 2025 08:50

رام اللہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) انسانی حقوق کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ اسرائیل غزہ کے فلسطینیوں کو دانستہ بھوکا مار رہا ہے۔ العربیہ کے مطابق ایک رپورٹ میں بے گھر فلسطینیوں اور غذائیت کی قلت کے شکار بچوں کا علاج کرنے والے طبی عملے کی شہادتوں کا حوالہ دیتے ہوئے ایمنسٹی نے کہا کہ اسرائیل مقبوضہ غزہ کی پٹی میں فاقہ کشی کی دانستہ مہم چلا رہا ہے۔

(جاری ہے)

روپوٹ میں کہا گیا کہ اسرائیل فلسطینیوں کی صحت، بہبود اور معاشرتی تانے بانے کو منظم طریقے سے تباہ کر رہا ہے۔ایمنسٹی نے کہا کہ فلسطینیوں کو جسمانی طور پر تباہ کرنے کے جو منصوبے اور پالیسیاں اسرائیل نے گذشتہ 22 مہینوں کے دوران وضع کیے اور ان پر عمل درآمد کیا ہے، یہ حالات ان کا مطلوبہ نتیجہ ہیں اور یہ فلسطینیوں کی جاری نسل کشی کا لازمی حصہ ہے۔ایمنسٹی کی یہ رپورٹ حالیہ ہفتوں میں ہونے والے انٹرویوز پر مبنی ہے جو تین عارضی کیمپوں میں پناہ گزین غزہ کے 19 بے گھر باشندوں اور ساتھ ہی علاقے کے دو ہسپتالوں میں دو طبی عملے سے بھی کئے گئے ۔