لاہور ہائیکورٹ میں بیرون ملک دیگر پاسپورٹ لے جانے کے مقدمہ میں درخواست ضمانت منظور

منگل 19 اگست 2025 16:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے بیرون ملک جانے والے سے دیگر پاسپورٹ برآمدگی کے مقدمہ میں گرفتار ملزم محمد عمران کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض رہائی کا حکم دے دیا۔ دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیے کہ کسی شہری کی آزادی سلب نہیں کی جا سکتی، جسٹس راجہ غضنفر علی خان نے درخواست پر سماعت کی۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزم کو فیصل آباد ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا، جس کے قبضے سے چھ پاکستانی پاسپورٹ برآمد ہوئے۔ ایف آئی اے کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ملزم پاسپورٹ بیرون ملک لے جانے کی کوئی معقول وجہ پیش نہیں کر سکا، اس لیے عدالت درخواست ضمانت مسترد کرے۔درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ملزم کے پاس سے برآمد ہونے والے پاسپورٹ اس کے بھتیجوں اور بھانجوں کے ہیں اور محض پاسپورٹ کی برآمدگی کوئی جرم نہیں ہے۔

(جاری ہے)

ایف آئی اے نے امیگریشن اور پاسپورٹ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر رکھا ہے، جس کی زیادہ سے زیادہ سزا تین سال ہے۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ کسی شہری کی آزادی سلب نہیں کی جا سکتی، ضمانت کا مقصد صرف مقدمہ کو ایک ادارے سے دوسرے ادارے تک پہنچانا ہے، جبکہ ٹرائل کورٹ شواہد کی بنیاد پر فیصلہ کرے گی۔ بعدازاں عدالت نے ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ملزم کی ضمانت منظور کر لی۔