دبئی ڈیجیٹل چیمبر کی نمایاں کارکردگی، 6 ماہ میں 308 اسٹارٹ اپس کی معاونت

منگل 19 اگست 2025 17:11

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) دبئی چیمبر آف ڈیجیٹل اکانومی نے سال 2025 کے پہلے چھ ماہ کے دوران 308 ڈیجیٹل اسٹارٹ اپس کی معاونت کا اعلان کیا ہے جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 39 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔اماراتی نیوز ایجنسی ’’وام‘‘ کی رپورٹ کے مطابق یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب دبئی حکومت ڈیجیٹل معیشت کے فروغ، مصنوعی ذہانت کے اطلاق اور جدید کاروباری ماڈلز کی ترویج کے لیے متحرک اقدامات کر رہی ہے۔

متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل معیشت و ریموٹ ورک ایپلی کیشنز اور دبئی چیمبر آف ڈیجیٹل اکانومی کے چیئرمین عمر بن سلطان العلماء نے کہا ہے کہ چیمبر کا بنیادی ہدف ایسا ڈیجیٹل کاروباری ماحول تشکیل دینا ہے جو اختراع، سرمایہ کاری اور کاروباری مواقع کو فروغ دے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دبئی عالمی سطح پر ڈیجیٹل معیشت کا مرکز بننے کی جانب پیش رفت کر رہا ہے اور اس ہدف کے حصول کے لیے چیمبر کی حکمت عملی نہایت مؤثر ثابت ہو رہی ہے۔

اس موقع پر چیمبر کے نائب صدر سعید الجرگاوی نے بتایا کہ رواں سال کے دوران چیمبر نے 10 خصوصی تقریبات اور 15 بین الاقوامی روڈ شوز کا اہتمام کیا تاکہ دبئی کے ڈیجیٹل بزنس ایکو سسٹم کو عالمی سرمایہ کاروں، ٹیکنالوجی اداروں، اور اسٹارٹ اپس کے لیے مزید پرکشش بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد نہ صرف دبئی کی ڈیجیٹل شناخت کو مستحکم کرنا ہے بلکہ دنیا بھر سے کاروباری مواقع اور سرمایہ کو امارات کی جانب راغب کرنا بھی ہے۔مزید بتایا گیا کہ دبئی میں جلد "ایکسپینڈ نارتھ اسٹار" کی نئی اشاعت کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جو دنیا بھر کے اسٹارٹ اپس اور سرمایہ کاروں کے لیے سب سے بڑا پلیٹ فارم تصور کیا جاتا ہے۔