یو اے ای کا غزہ کے مکینوں کیلئے منصوبہ ’’لائف لائن‘‘فعال، صحافیوں کا پراجیکٹ کا دورہ

منگل 19 اگست 2025 17:20

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) متحدہ عرب امارات کے امدادی مشن ’’الفارس الشهم 3‘‘ کے تحت ’’لائف لائن‘‘ منصوبے کی کامیاب تکمیل کے بعد ذرائع ابلاغ اور متعلقہ اداروں کے نمائندوں کو جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس کے المَواسی میں واقع منصوبے کے مقام کا دورہ کروایا گیا،یہ علاقہ بے گھر فلسطینی خاندانوں کا گنجان آباد مرکز ہے۔

اماراتی نیوز ایجنسی ’’وام‘‘ کے مطابق اس دورے کا مقصد منصوبے کی عمل درآمد کی نگرانی اور اس بات کا جائزہ لینا تھا کہ متاثرہ خاندان بالخصوص بچے اور بزرگ، تازہ پانی کی فراہمی سے کس حد تک مستفید ہو رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق سات اعشاریہ پانچ کلومیٹر طویل نئی پائپ لائن اماراتی ڈی سیلی نیشن پلانٹس (نمکین پانی کو صاف بنانے والے پلانٹس) سے، جو مصر کے رفح میں قائم ہیں، پانی المَواسی کے علاقے تک پہنچاتی ہے۔

(جاری ہے)

اس منصوبے سے تقریباً چھ لاکھ فلسطینیوں کو روزانہ صاف اور محفوظ پانی دستیاب ہوگا، جو علاقے میں گزشتہ کئی مہینوں سے جاری سنگین قلت آب میں واضح کمی لائے گا۔متعلقہ حکام کے مطابق ’’لائف لائن‘‘ منصوبہ ان حالات میں نہایت اہمیت کا حامل ہے جہاں درجہ حرارت کی شدت اور پانی کی عدم دستیابی نے معمولاتِ زندگی کو مفلوج کر رکھا تھا۔ اس اقدام کے ذریعے صاف پانی کی دستیابی سے نہ صرف عوامی صحت کے تحفظ میں مدد ملے گی بلکہ بے گھر خاندانوں پر روزمرہ زندگی کا بوجھ بھی کم ہوگا۔

یہ منصوبہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے غزہ میں پانی کے بحران سے نمٹنے کی جاری کاوشوں کا تسلسل ہے جن میں ڈی سیلی نیشن پلانٹس کی تعمیر، پانی کی ٹینکروں کے ذریعے ترسیل، کنووں کی کھدائی اور پرانی واٹر نیٹ ورکس کی بحالی شامل ہے۔ مزید برآں، یو اے ای نے دیگر ہنگامی نوعیت کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبے بھی نافذ کیے ہیں تاکہ فلسطینی عوام کی بنیادی انسانی ضروریات کو مستقل بنیادوں پر پورا کیا جا سکے۔\932