پنجاب سیڈ کارپوریشن نے مختلف فصلات کے بیجوں کی پیداوار،خریداری کے اہداف مقرر کر دئیے

منگل 19 اگست 2025 17:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2025ء) پنجاب سیڈ کارپوریشن میں مختلف بیجوں کی خریداری و پیداواری اہداف مقرر کرنے کے حوالے سے مینیجنگ ڈائریکٹر شبیر احمد خان کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر پروسیسنگ شمشاد اصغر وڑائچ، ڈائریکٹر پروکیورمنٹ ملک اسحاق اعوان، ڈائریکٹر مارکیٹنگ سہیل عامر بخاری، ڈائریکٹر فارمز ملک ندیم الحق اعوان، ڈپٹی ڈائریکٹر پروکیورمنٹ عامر سہیل بھٹی اور زرعی ماہرین نے شرکت کی۔

اجلاس میں مختلف فصلات کے بیجوں کی خریداری و پیداواری اہداف مقرر کئے گئے جس میں گندم کا ہدف 1000000من، دھان 80000من، کپاس 25000من، مکئی 61000من، چنا 14000من، مونگ 22000من، تل 1000، چارہ جات میں برسیم 5000من، لوسرن 1000من، جوا 7000من، آئل سیڈ میں رایا و کینولہ 4050من اور سبزیوں مٹر 2000من و دیگرز فصلات کے بیج شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران زرعی ماہرین کی قیمتی رائے کو مدنظر رکھتے ہوئے پنجاب سیڈ کارپوریشن نے پیداواری و خریداری اہداف کو مقرر کیا۔

اجلاس کے اختتام پر مینیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیڈ کارپوریشن شبیر احمد خان نے تمام زرعی ماہرین اور افسران کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ تمام پی ایس سی افسران اہداف کی تکمیل میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ زمینداروں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے سائنسدان بھی زیادہ پیداوار کی حامل فصلات و اقسام کی سوشل میڈیا مہم کو یقینی بنائیں تاکہ زمیندار بھرپور استفادہ حاصل کرسکیں۔