یونیورسٹی آف سرگودھا کے زیرِ اہتمام نان ٹیچنگ سٹاف کی تربیت کے پہلے مرحلے کا آغاز

منگل 19 اگست 2025 19:12

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) یونیورسٹی آف سرگودھا میں ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ سنٹر کے زیر اہتمام نان ٹیچنگ سٹاف کی تربیت کے پہلے مرحلے کا آغاز ہو گیا۔ اس پروگرام کا مقصد نئے تعینات ہونے والے ملازمین کی استعداد کار میں اضافہ ہے تاکہ وہ اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں بہتر طریقے سے سرانجام دے سکیں۔پہلے مرحلے میں مجموعی طور پر چار ورکشاپس کا انعقاد کیا جائے گا جن میں لیب اسسٹنٹ، لیب اٹینڈنٹ، نائب قاصد و بیلدار اور جونیئر کلرک شامل ہوں گے۔

اس سلسلے کی پہلی ورکشاپ نئے تعینات ہونے والے 19 لیب اٹینڈنٹس کے لیے منعقد کی گئی جس میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ ملازمین کو پیشہ وارانہ مہارتوں سے لیس کرنا یونیورسٹی کی اولین ترجیح ہے کیونکہ کسی بھی ادارے کی ترقی کا دارومدار اس کے انسانی وسائل کی کارکردگی پر ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا اپنے اساتذہ، محققین اور طلبہ کے ساتھ ساتھ نان ٹیچنگ سٹاف کی استعداد کار میں اضافے کے لیے بھی سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے تاکہ تمام شعبہ جات میں بہتری اور مؤثر نظام کار یقینی بنایا جا سکے۔قبل ازیں ڈائریکٹر ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ سنٹر امجد حسین جنجوعہ نے ورکشاپ کی پہلی نشست میں ملازمین کو یونیورسٹی کے قواعد و ضوابط، آرڈیننس، ایکٹ، سٹیچوز اور پالیسیوں کے بارے میں تفصیلی آگاہی فراہم کی۔

دوسرے سیشن میں کام کرنے کی جگہ پر مؤثر ابلاغ اور بہتر ٹیم ورک کے حوالے سے عملی تربیت دی گئی۔ورکشاپ کے شرکاء نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے انہیں نہ صرف ادارہ جاتی ڈھانچے کو سمجھنے میں مدد ملے گی بلکہ پیشہ وارانہ ذمہ داریاں زیادہ ذمہ داری اور مہارت کے ساتھ انجام دینے میں بھی آسانی پیدا ہو گی۔

متعلقہ عنوان :