وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت اجلاس

منگل 19 اگست 2025 20:38

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے مواصلات و تعمیرات محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت منگل کے روز اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری مواصلات و تعمیرات محمد اسرار کے علاوہ محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے تمام اعلیٰ حکام، پراجیکٹ ڈائریکٹرز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے میں جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی۔

ان منصوبوں میں خیبرپختونخوا انٹیگریٹڈ ٹورازم ڈویلپمنٹ پراجیکٹ (KITE)، ملاکنڈ انفراسٹرکچر پراجیکٹ، خیبرپختونخوا انویسٹمنٹ و انسٹی ٹیوشنل پراجیکٹ (جس کی تکمیل میں ورلڈ بینک معاونت فراہم کر رہاہے) اور خیبرپختونخوا رورل ایکسیسبلٹی پراجیکٹ شامل تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران ان منصوبوں کی مجموعی لاگت، مالی پیش رفت، مختلف مراحل کی تکمیل کی صورتحال،صوبے کے مختلف علاقوں میں دستیاب اراضی اور اس پر ہونے والے ٹوپوگرافیکل سروے کے نتائج، ماسٹر پلاننگ، منصوبوں کی بحالی اور سڑکوں و سرکاری عمارتوں کی اپ گریڈیشن پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔

اس موقع پر معاونِ خصوصی محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ ان منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل حکومت خیبرپختونخوا کی اولین ترجیح ہے کیونکہ یہ منصوبے نہ صرف عوام کو معیاری سفری سہولیات فراہم کریں گے بلکہ صوبے کے بنیادی ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں بھی سنگِ میل ثابت ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی اینڈ ڈبلیو کے تمام متعلقہ ادارے اور افسران اپنی ذمہ داریاں خوش اسلوبی سے ادا کریں اور منصوبہ جات کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ معاونِ خصوصی نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے تاکہ عوام ان کے ثمرات جلد از جلد حاصل کرسکیں۔