اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی سو سالہ تقریبات، ٹرانسپورٹ ڈویژن نے یونیورسٹی کی بسوں پرسو سالہ تقریبات کا لوگو آویزاں کر دیا

منگل 19 اگست 2025 20:52

بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی سو سالہ تقریبات کے سلسلے میں ٹرانسپورٹ ڈویژن نے یونیورسٹی کی بسوں پرسو سالہ تقریبات کا لوگو آویزاں کر دیا ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران اور صدر بہاولپور وومن چیمبر آف کامرس رابعہ عثمان نے بغداد الجدید کیمپس میں ایک تقریب میں بسوں پر آویزاں لوگو کی رونمائی کی۔

پرنسپل آفیسر ٹرانسپورٹ ڈویژن ثمر وحید نے بتایا کہ 72 بسوں پر جامعہ کی 100 سالہ تقریبات کا لوگو آویزاں کیا جائے گا ۔ صدر وومن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری رابعہ عثمان نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں پچاس فیصد طالبات زیر تعلیم ہیں جو محفوظ اور آرام دہ ٹرانسپورٹ کی سہولت سے استفادہ کرتی ہیں۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر نے ٹرانسپورٹ ڈویژن کے اس اقدام کو سراہا اور طلباء اور فیکلٹی کو ٹرانسپورٹ کی بہترین سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

قبل ازیں بہاولپور وومن چیمبر آف کامرس کے وفد نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران سے ملاقات کی ۔وائس چانسلر نے کہا کہ ویمن چیمبر آف کامرس اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے درمیان پہلے سے موجود روابط خصوصاً طالبات میں انٹرپرینیورشپ کے فروغ اور خود روزگار کے دیگر منصوبے خوش آئند ہیں۔ اس موقع پر بہاولپور وومن چیمبر آف کامرس کی عہدیداران عائشہ علی، عائشہ خان، فاطمہ وحید، ارم طاہر، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز ڈاکٹر شہزاد احمد خالد، ڈپٹی رجسٹرار پبلک افیئرزفاطمہ مظاہر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :