غیر قانونی ٹرالنگ بلوچستان کے ماہی گیروں اور مقامی لوگوں کیساتھ ظلم کے مترادف ہے ،کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا،وزیراعلیٰ بلوچستان

منگل 19 اگست 2025 21:16

غیر قانونی ٹرالنگ بلوچستان کے ماہی گیروں اور مقامی لوگوں کیساتھ ظلم ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2025ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہاہے کہ غیر قانونی ٹرالنگ بلوچستان کے ماہی گیروں اور مقامی لوگوں کیساتھ ظلم کے مترادف ہے ،کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا۔منگل کو وزیراعلی میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت سیکرٹریز کمیٹی کا اجلاس منعقد ہواجس میں صوبائی وزراء میر ظہور احمد بلیدی، میر سلیم خان کھوسہ اور میر شعیب نوشیروانی چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات زاہد سلیم، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حمزہ شفقات، پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلیٰ بابر خان سمیت تمام محکموں کے انتظامی سیکرٹریز نے شرکت کی اجلاس میں مختلف محکموں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صوبے کی سمندری حدود میں غیر قانونی ٹرالنگ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ فشریز کو واضح ہدایت دی کہ غیر قانونی ٹرالنگ کا ہر صورت خاتمہ کیا جائے انہوں نے کہا کہ غیر قانونی ٹرالنگ بلوچستان کے ماہی گیروں اور مقامی لوگوں کے ساتھ ظلم کے مترادف ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام محکمے ترقیاتی منصوبوں کی شفافیت، معیار اور بروقت تکمیل کے ذمہ دار ہیں انہوں نے ہدایت کی کہ سو فیصد ایلوکیشن رکھنے والی تمام چھوٹی اسکیموں کو آئندہ سال یکم جنوری تک مکمل کیا جائے انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا عوامی مفاد کے منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے انہوں نے زور دیا کہ تمام محکمے مختص فنڈز کے شفاف اور بروقت استعمال کو یقینی بنائیں۔

اداروں کی کارکردگی جانچنے کے لیے مربوط مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن سسٹم کی تشکیل ناگزیر ہے تاکہ فنڈز کے استعمال اور منصوبوں کی پیش رفت کی موثر نگرانی کی جا سکے اس سلسلے میں ہر محکمے کو پابند کیا گیا کہ منصوبوں کی تکمیل اور فنڈز کے استعمال سے متعلق ہر ماہ رپورٹ پیش کرے وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ تاخیر یا غفلت برتنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبے کے وسائل کو عوامی خدمت اور فلاح و بہبود کے منصوبوں پر استعمال کیا جا رہا ہے ترقیاتی عمل میں شفافیت، تیزرفتاری اور جوابدہی ہماری ترجیحات میں شامل ہیں اجلاس میں تعلیمی شعبے پر بھی گفتگو ہوئی جہاں وزیر اعلیٰ نے بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن میں اصلاحات کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنا کر بورڈ کو مثالی ادارہ بنایا جائے گا وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے ہدایت دی کہ آئندہ اجلاس میں فارن فنڈڈ اور وفاقی منصوبوں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا جائے انہوں نے کہا کہ بیٹھے بٹھائے ترقیاتی منصوبوں کا پی سی ون بنانے کے بجائے سائٹ پر جاکر عملی جائزے کے بعد قابلِ عمل منصوبے تشکیل دیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کانسپٹ پیپرز کا تصور ختم کیا جا رہا ہے اور اب ہر منصوبہ صرف قابلِ عمل پی سی ون کے ذریعے منظوری کے لیے پیش ہوگا وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ مالی سال کے نئے بجٹ سے کم از کم تین ماہ قبل تمام ترقیاتی منصوبوں کی محکمانہ منظوری کو یقینی بنایا جائے تاکہ منصوبوں پر بروقت اور مؤثر عملدرآمد ممکن بنایا جا سکے۔