سیلابی صورتحال میں شہریوں کو بروقت امداد کی فراہمی میں محکموں کا رسپانس اطمینان بخش ہے، اکرام اللہ خان

منگل 19 اگست 2025 20:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات خیبرپختونخوا اکرام اللہ خان نے کہا ہے کہ صوبے کے مختلف اضلاع میں حالیہ شدید بارشوں، کلاؤڈ برسٹ اور سیلابی ریلوں کے باعث پیدا شدہ صورتحال میں شہریوں کو بروقت مدد فراہم کرنے میں تمام محکموں کا رسپانس اطمینان بخش رہا ہے، محکمے اسی طرح فعال رہیں اور کسی بھی ناگہانی صورتحال میں شہریوں کو فوری مدد فراہم کرنے کے لیے اپنی استعداد میں مزید اضافہ کریں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کے روز کمشنر ہزارہ ڈویژن کے دفتر میں منعقدہ مون سون بارشوں اور سیلاب کی صورتحال اور پیشگی اقدامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس کے دوران کیا۔ اجلاس میں کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ، ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن (ر) ثناء اللہ خان، پاک آرمی کے اسٹیشن کمانڈر، لائن ڈیپارٹمنٹس کے سربراہان اور نمائندے، گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی، محکمہ سوئی گیس، ہزارہ الیکٹرک سپلائی کارپوریشن، کینٹ بورڈ، این ایچ اے، پولیس اور دیگر محکموں کے سربراہان و نمائندے شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

ہزارہ ڈویژن کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی اور متعلقہ اضلاع میں حالیہ بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ کے واقعات میں ہونے والے جانی اور املاک کے نقصانات سے متعلق آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنرز نے مزید مون سون بارشوں کے ممکنہ سلسلے کے دوران پیشگی حفاظتی اقدامات کے حوالے سے بھی بتایا۔ ڈپٹی کمشنر مانسہرہ نے بتایا کہ حلیم ڈھیری میں کلاؤڈ برسٹ اور سیلابی ریلے کے افسوسناک واقعہ میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو معاوضہ ادا کر دیا گیا ہے جبکہ سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے کل 20 افراد میں سے 19 افراد کی لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں۔

ایک خاتون اب بھی لاپتہ ہے جس کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ متاثرہ علاقے کی سڑک سمیت ضلع کی تمام سڑکیں بحال ہیں۔ ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن (ر) ثناء اللہ نے مون سون کی بارشوں اور سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کی جانے والی تیاریوں اور ایبٹ آباد شہر میں اربن فلڈنگ سے بچاؤ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔

قبل ازیں کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ سیلابی ریلوں کی زد میں آنے والے اور اپنے پیاروں کو کھونے والے متاثرہ شہریوں کی ذہنی صحت کی بہتری اور انہیں ٹراما کی کیفیت سے نکالنے کے لیے مانسہرہ اور بٹگرام کے اضلاع میں کلینیکل سائیکالوجیسٹ کی ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں۔ اسی طرح پاک آرمی کی مدد سے متاثرہ علاقوں میں راشن اور دیگر ضروری سامان روانہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہزارہ ڈویژن کے تمام اضلاع اور محکمے موجودہ صورت حال میں مکمل کوآرڈینیشن کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔اکرام اللہ خان نے کہا کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا کی ہدایت پر صوبائی حکومت تمام اضلاع اور محکموں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ مون سون بارشوں کے مزید دو سے تین سلسلے متوقع ہیں جبکہ کلاؤڈ برسٹ کے غیر متوقع واقعات میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، ایسی صورت حال میں تمام اضلاع کی انتظامیہ اور محکمے اپنی تیاریاں مزید مربوط کریں۔

انہوں نے ڈپٹی کمشنرز سے کہا کہ قدرتی آفات اور ناگہانی صورتحال ہی ایسے مواقع ہوتے ہیں جہاں وہ اپنی صلاحیتیں بروئے کار لاتے اور اپنی سروس کا حق ادا کرتے ہوئے فوری شہریوں کی مدد کو پہنچتے ہیں اور ان کی داد رسی کرتے ہیں۔