معرکہ حق جشنِ آزادی ہاکی لیگ اختتام پذیر، کمشنر حیدرآباد فیاض حسین عباسی کی شرکت

منگل 19 اگست 2025 20:40

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) حیدرآباد میں منعقدہ معرکہ حق جشنِ آزادی ہاکی لیگ اختتام پذیر ہو گئی، کمشنر حیدرآباد فیاض حسین عباسی نے اختتامی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر سیکرٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز حکومتِ سندھ منور علی مہیسر اور چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن حیدرآباد پروفیسر ڈاکٹر شجاع احمد مہیسر سمیت سول سوسائٹی کے نمائندگان اور ہاکی ایسوسی ایشن کے عہدیداران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

لیگ کے مقابلوں میں سینئر کیٹیگری کا ٹائٹل عشرت سانی ہاکی کلب حیدرآباد نے اپنے نام کیا جبکہ جونیئر کیٹیگری کے فائنل میں قمر ہاکی الیون اکیڈمی فاتح قرار پائی۔ کمشنر فیاض عباسی نے فاتح اور رنر اپ ٹیموں میں میڈلز اور ٹرافیاں تقسیم کیں اور نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ کھیل اتحاد، نظم و ضبط اور صحت مند معاشرے کے قیام میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، ایسے ایونٹس نہ صرف نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرتے ہیں بلکہ جشنِ آزادی کی روح کو بھی زندہ رکھتے ہیں۔