پی ٹی آئی کسی بھی طرح کی تحریک چلانے کی پوزیشن میں نہیں، عرفان صدیقی

پی ٹی آئی کو کچھ سمجھ نہیں قومی ڈائیلاگ کس سے کرنا ہی ، میڈیا سے گفتگو

منگل 19 اگست 2025 21:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2025ء) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنماء سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی بھوسے کا ڈھیر ،کسی بھی طرح کی تحریک چلانے کی پوزیشن میں نہیں ہے ، ہزار کوششوں کے باوجود اس میں تحریک پیدا ہو ہی نہیں سکتی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنماء عرفان صدیقی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے پاس آپشنز ختم ہو چکے ہیں ، یہ تحریکیں چلا کر یہ تھک چکے ہیں، پی ٹی آئی کو کچھ سمجھ نہیں کہ قومی ڈائیلاگ کس سے کرنا ہے کس سے نہیں، ان کے پاس قومی ڈائیلاگ کیلئے کوئی لائحہ عمل نہیں وہ تخیلاتی دنیا میں رہتے ہیں۔

سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ پی ٹی آئی کسی بھی طرح کے ڈائیلاگ، مذاکرات، جمہوری اقدار اور افہام و تفہیم کیلئے نہیں بنی، اگر گھر میں بیٹھ کر 4 لوگوں نے مکالمہ کرنا ہے تو اس کو ڈائیلاگ اور مذاکرات نہیں کہتے اور اگر مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی سے بات نہیں کرنی تو قومی ڈائیلاگ کیسے ہو گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے سوالات اٹھائے کہ اگر آپ قومی ڈائیلاگ کرنا چاہتے ہیں تو 2 بڑی جماعتوں کو کیسے نظر انداز کر سکتے ہیں ، 5 اگست اور 14 اگست کو پی ٹی آئی کی کال پر کتنے لوگ نکلی ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے 9 مئی کو دفاعی تنصیبات اور 250 مقامات پر سازش کے تحت حملے کئے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی جاگتی آنکھوں سے خواب دیکھ رہی ہے۔