استور ،صوبائی حکومت سیلاب متاثرین کی مدد اور بحالی کے لئے دن رات ایک کرکے کام کررہی ھے ،چیف سیکریٹری جی بی

بدھ 20 اگست 2025 15:57

استور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا نے حالیہ بارشوں اور دشوار گزار حالات کے باوجود بلتستان ڈویژن، بالخصوص سکردو اور روندو کے علاقوں میں رابطہ بحالی، ڈائیورشن کی مرمت، اور اشیائے ضروریہ اور پیٹرولیم مصنوعات بروقت ترسیل کو یقینی بنانے پر تمام متعلقہ اداروں، افسران اور فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلتستان ٹیم نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ جذبہ، ہم آہنگی اور پیشہ ورانہ لگن کے ساتھ کسی بھی چیلنج پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ سیکریٹری کمیونیکیشنز اور ان کی ٹیم نے جو کارنامہ سرانجام دیا ہے وہ غیر معمولی ہے اور ان کی کمٹمنٹ بے مثال ہے۔چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے ڈپٹی کمشنر سکردو، کمشنر بلتستان، روندو انتظامیہ، پولیس، ایف ڈبلیو او، اور سول ایڈمنسٹریشن کی فوری اور مربوط کارروائیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان تمام محکموں نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت گلگت بلتستان عوام کی سہولت اور سلامتی کو ہر حال میں اولین ترجیح دیتی ہے، اور یہی وجہ ہے کہ انتظامیہ نے دن رات ایک کر کے نہ صرف راستے کھولے بلکہ اشیائے ضروریہ کی فراہمی بھی یقینی بنائی۔ چیف سیکریٹری نے عوام سے اپیل کی کہ وہ انتظامیہ سے تعاون جاری رکھیں اور افواہوں پر کان نہ دھریں، کیونکہ حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے تاکہ عام شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔\378

متعلقہ عنوان :