خاران ، ایف سی ساؤتھ کے جانب سے فری میڈیکل کیمپ کا آغاز کیا گیا

بدھ 20 اگست 2025 17:17

خاران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) خاران رائفلز اور سیچر ڈے ویلفیئر گروپ کے اشتراک سے اسپیشل چلڈرن اسکول خاران میں سماعت سے محروم بچوں کی بحالی کے لیے ایک جامع پروگرام کا آغاز کیا گیا۔اس پروگرام کے تحت سماعت سے محروم 22 بچوں کو خاران سے ایف سی اسپتال کوئٹہ منتقل کیا گیا، جہاں ای این ٹی اسپیشلسٹ نے ان کا تفصیلی معائنہ کیا۔

معائنے کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ 20 بچوں کو اگر ہیئرنگ ایڈز فراہم کیے جائیں تو ان کی سماعت میں نمایاں بہتری ممکن ہے۔بعد ازاں اس سلسلے میں اسپیشل چلڈرن اسکول خاران میں ماہر آڈیولوجسٹ کی خدمات حاصل کی گئیں، جنہوں نے سماعت سے محروم 20 بچوں کو ہیئرنگ ایڈز لگائے۔ اس موقع پر والدین کو آلات کی درست ٹوننگ، استعمال اور دیکھ بھال کے حوالے سے تفصیلی رہنمائی بھی فراہم کی گئی۔

(جاری ہے)

مزید یہ کہ بچوں کی اظہارِ خیال کی صلاحیت کو بہتر کرنے اور انہیں تعلیمی و معاشرتی سرگرمیوں میں فعال بنانے کے لیے باقاعدہ اسپیچ تھراپی سیشنز کا شیڈول بھی ترتیب دیا گیا ہے۔اس موقع پر بچوں کے والدین اور مقامی افراد نے ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) اور سیچر ڈے ویلفیئر گروپ کی ان عوام دوست کاوشوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور اسپیشل بچوں کے لیے اٹھائے گئے ان خصوصی اقدامات پر دلی شکریہ ادا کیا۔\378