خضدار، پیدائش کے ایک گھنٹے کے اندر بچے کو ماں کا دودھ پلانا انتہائی ضروری ہے ، بلوچستان نیوٹریشن ڈائریکٹوریٹ

بدھ 20 اگست 2025 20:07

خضدار (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اگست2025ء) بلوچستان نیوٹریشن ڈائریکٹوریٹ کے زیر اہتمام خضدار پریس کلب میں ماں کے دودھ کی اہمیت، نومولود کی صحت، قوت مدافعت اور بہتر نشوونما کے حوالے سے ایک آگاہی مہم تقریب و بریفنگ منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹوریٹ کے ماہرین نے پریس بریفنگ کے دوران ماں کے دودھ کے فوائد اور اس کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

تقریب میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر خضدار ڈاکٹر محمد رفیق ساسولی، ڈسٹرکٹ نیوٹریشن کوآرڈینیٹر خضدار عبد الناصر مینگل، ڈسٹرکٹ سپورٹ آفیسر لیڈی ہیلتھ ورکر پروگرام خضدار مس ندا رئیس، سینئر ڈیمونسٹریٹر ڈاکٹر رحیم الدین اور سینئر ڈیمونسٹریٹر ڈاکٹر ادریس نے شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پیدائش کے ایک گھنٹے کے اندر بچے کو ماں کا دودھ پلانا انتہائی ضروری ہے کیونکہ اس وقت ماں کا پہلا دودھ، جسے کولسٹرم کہا جاتا ہے، بچے کے مدافعتی نظام کو مضبوط کرنے کے لیئے بے حد اہم ہے۔

(جاری ہے)

ماں کے دودھ میں تمام ضروری وٹامنز، پروٹینز اور کولیسٹرول موجود ہوتے ہیں جو نومولود کے جسم کو بیماریوں سے لڑنے کی طاقت دیتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ پہلے چھ ماہ تک بچے کو صرف ماں کا دودھ پلانا چاہیئے کیونکہ یہ بچے کی صحت کو بہتر بناتا ہے اور مختلف بیماریوں سے تحفظ فراہم کرتا ہے۔ مزید برآں، دو سال تک ماں کا دودھ پلانے سے بچے کی جسمانی اور ذہنی نشوونما مثالی ہوتی ہے۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر رفیق ساسولی نے کہا کہ ماں کا دودھ بچے کے لیئے قدرت کا انمول تحفہ ہے اور اس کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان نیوٹریشن ڈائریکٹوریٹ کی یہ مہم حاملہ اور دودھ پلانے والی ماں میں شعور اجاگر کرنے کے لیئے شروع کی گئی ہے تاکہ وہ اپنے بچوں کی بہتر صحت اور نشوونما کو یقینی بنائیں۔ڈسٹرکٹ نیوٹریشن کوآرڈینیٹر عبد الناصر مینگل نے بتایا کہ اس مہم کے تحت اب تک 25 ہزار بچوں کو ماں کے دودھ کے فوائد سے آگاہی اور دیگر سہولیات فراہم کی جا چکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ مہم نہ صرف شہری بلکہ دیہی علاقوں میں بھی جاری رہے گی تاکہ ہر ماں تک یہ پیغام پہنچ سکے کہ ماں کا دودھ بچے کی صحت کے لیئے ناگزیر ہے۔مس ندا رئیس، ڈسٹرکٹ سپورٹ آفیسر لیڈی ہیلتھ ورکر پروگرام، نے کہا کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز اس مہم میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔ وہ گھر گھر جا کر ماں کو ماں کے دودھ کے فوائد اور اسے پلانے کی صحیح تکنیک کے بارے میں آگاہ کر رہی ہیں۔

سینئر ڈیمونسٹریٹر ڈاکٹر رحیم الدین اور ڈاکٹر ادریس نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماں کا دودھ نہ صرف بچے کی جسمانی صحت کے لیئے ضروری ہے بلکہ یہ ماں اور بچے کے درمیان جذباتی رابطے کو بھی مضبوط کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند بچے ہی کل کا مضبوط مستقبل ہیں، اور اس مقصد کے لیئے عوام میں شعور اجاگر کرنا انتہائی ضروری ہے۔تقریب کے دوران ماہرین نے بتایا کہ یہ آگاہی مہم بلوچستان کے دیگر اضلاع میں بھی پھیلائی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں تک اس پیغام کو پہنچایا جا سکے۔

حکام کا کہنا تھا کہ ماں کے دودھ کے فوائد سے متعلق شعور اجاگر کرنے سے نومولود بچوں کی شرح اموات میں کمی لائی جا سکتی ہے اور صحت مند معاشرے کے قیام میں مدد ملے گی۔بریفنگ میں خضدار پریس کلب کے صدر عبداللہ شاہوانی، چیئرمین محمد ایوب بلوچ، سینیئر نائب صدر منیر احمد زہری، ندیم گرگناڑی، عبدالواحد رند، عبدالرزاق زہری، خورشید بلوچ، مولوی فضل الرحمان، وسیم بلوچ، سمیت دیگر صحافیوں نے بھی شرکت کی۔

پریس بریفنگ کے اختتام پر صحافیوں کے سوالوں کے جوابات دیے گئے اور ان کی آگاہی کے لیئے تفصیلی مواد بھی فراہم کیا گیا۔ تقریب کے آخر میں شرکا اور صحافیوں کے لیئے ظہرانے کا اہتمام بھی کیا گیا، جسے حاضرین نے سراہا اور اس کاوش پر اطمینان کیا اور اسے صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیئے ایک اہم قدم قرار دیا۔