میپکو نے سیلابی صورتحال کے باعث متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی عارضی طورپرروک دی

بدھ 20 اگست 2025 22:37

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) ملتان الیکٹرک پاورکمپنی (میپکو)نے  سیلابی صورتحال کے باعث ریجن کے مختلف متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی عارضی طورپرروک دی ہے۔ بدھ کو میپکو ترجمان کے مطابق خانیوال، ڈی جی خان اور بہاولنگر فیڈرز کے علاقے سیلابی پانی سے زیر آب آگئے ہیں، کرنٹ لگنے کے خطرات سے بچنے کے لئے بجلی فراہم کرنے والے ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز سے سپلائی بند کی گئی ہے اور متعلقہ ڈویژنل اور سب ڈویژنل افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ سیلابی پانی اترنے کے بعد متعلقہ ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کر کے بجلی بحال کی جائے۔

میپکو خانیوال سرکل کی سرائے سدھو سب ڈویژن کے 11 کے وی ، قتال پور فیڈر کی بستی لال مرالی، کچاکبیرہ، بستی اشرف مرالی، بستی شکا مرالی اور بستی صدقانہ مرالی میں 5ٹرانسفارمرز سے منسلک 209صارفین کی بجلی عارضی طورپر بند کی گئی ہے جبکہ ڈی جی خان سرکل کی ڈی جی خان سیکنڈ، شاہ صدر دین اورکوٹ چھٹہ سب ڈویژنوں کی بستیوں مرید حسین ،بستی اللہ دتہ ،بستی ملک آصف ، بستی کھر ، بستی ملکانی قلندراور بستی چانڈیہ کے6ٹرانسفارمرز سے بجلی کی سپلائی منقطع کی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

بہاولنگر سرکل کی سٹی سب ڈویژن چشتیاں کے 11 کے وی عظیم واہ فیڈر سے منسلک بستی نواز لکھویرا میں ایک ٹرانسفارمر سے بجلی کی سپلائی بند کی گئی ہے۔