صوابی دالوڑی حادثے کے ریسکیو آپریشن میں ریسکیو 1122 اور دیگر اداروں کی کامیاب کارکردگی

بدھ 20 اگست 2025 20:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2025ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ریلیف، بحالی و آباد کاری، ملک نیک محمد خان داوڑ نے ریسکیو 1122 اور دیگر اداروں اہلکاروں کی صوابی دالوڑی حادثے کے ریسکیو آپریشن میں بہترین کارکردگی کو سرہا ہے۔صوابی دالوڑی حادثے کا ریسکیو آپریشن چار روز کی انتھک محنت کے بعد کامیابی سے مکمل ہوا۔

ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے اس دوران 41 افراد کے جسدِ خاکی نکالے۔ آپریشن میں صوابی کے ساتھ مردان، نوشہرہ اور ہری پور کی ٹیموں نے بھی حصہ لیا۔معاون خصوصی ملک نیک محمد خان داوڑ نے کہا کہ دن رات محنت کرنے والے اہلکاروں کی محنت قابل تعریف ہے اور بہتر کارکردگی دکھانے والے اہلکاروں کو تعریفی اسناد سے نوازا جائے گا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ کی ہدایات پر یہ کارروائی مکمل نگرانی کے تحت جاری رہی۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی خدمت اور جان بچانا حکومت کا اولین مشن ہے، اور ریسکیو اہلکاروں کی انتھک محنت سے زندگیوں کی بازیابی ممکن ہوئی۔ صوابی دالوڑی میں ریسکیو آپریشن کی کامیابی صوبائی حکومت کی موثر انتظام کاری کا ثبوت ہے۔ملک نیک محمد خان داوڑ نے اس بات پر زور دیا کہ ہر حادثے میں فوری ریسپانس اور عوام کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور ریسکیو ٹیموں کی قربانی اور ہمت کی بدولت مشکل ترین حالات میں بھی مشن کامیاب رہا۔

متعلقہ عنوان :