نجی اداروں میں معذور افراد کے لیے 3 فیصد کوٹے پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے، ڈویژنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر

بدھ 20 اگست 2025 21:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) ڈویژنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال راولپنڈی محمد شاہد رانا نے کہا ہے کہ نجی اداروں میں معذور افراد کے لیے مختص 3 فیصد کوٹے کے نفاذ اور بلڈنگ کوڈز کی پاسداری کو یقینی بنانا تمام متعلقہ محکموں کی ذمہ داری ہے۔ وہ اپنے دفتر میں محکمہ محنت، پیسی، صنعتوں اور سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال کے افسران کے ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

اس موقع پر ڈویژنل ڈائریکٹر نے شرکاء کو ایمپاورمنٹ آف پرسنز ود ڈس ایبیلٹیز ایکٹ 2022 کے تحت بنائے گئے قواعد و ضوابط سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے خصوصی افراد کو قومی دھارے میں شامل کرنے اور انہیں باعزت روزگار کی فراہمی کے لیے جامع اقدامات کیے ہیں۔ ان اقدامات پر عملدرآمد تب ہی ممکن ہے جب تمام ادارے بھرپور تعاون کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ معذور افراد کو معاشرے کا کارآمد شہری بنانے کے لیے نہ صرف ملازمتوں میں کوٹے کی پاسداری ناگزیر ہے بلکہ بلڈنگ کوڈز پر عمل بھی لازمی ہے تاکہ انہیں سرکاری و نجی دفاتر، تعلیمی اداروں اور عوامی مقامات پر آمد و رفت میں کسی دشواری کا سامنا نہ ہو۔

اجلاس میں شریک تمام افسران نے ڈویژنل ڈائریکٹر کو یقین دہانی کرائی کہ وہ اپنی اپنی سطح پر نجی اداروں میں 3 فیصد کوٹے کے نفاذ اور بلڈنگ کوڈز پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔