زرعی یونیورسٹی فیصل آبادمیں ’’مضبوط زراعت اور خوراک کے نظام کی تشکیل‘‘ کے موضوع پر پہلا بین الاقوامی ایمرجنگ اسکالرز فورم کا انعقاد

جمعرات 21 اگست 2025 15:11

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2025ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے ’’مضبوط زراعت اور خوراک کے نظام کی تشکیل‘‘ کے موضوع پر پہلا بین الاقوامی ایمرجنگ اسکالرز فورم کا انعقاد کیا۔ افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے اس فورم کو صرف ایک علمی دانش کی نشست ہی نہیں بلکہ ایک ایسی تحریک قرار دیا جو پائیدار، مضبوط اور زرعی نظام کو یقینی بنانے اہم کردار ادا کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ فورم زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے موسمیاتی تبدیلی، خوراک کی غیر یقینی صورتحال اور وسائل کی کمی جیسے چیلنجز سے نمٹنے کے عزم کا عکاس ہے جو کہ تحقیق، جدت اور اشتراک کے ذریعے ممکن بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر سے موصول ہونے والے 170 سے زائد تحقیقی خلاصے اس بات کا ثبوت ہیں کہ نوجوان محرک ہیں۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر نے انسٹی ٹیوٹ آف ایگریکلچرل اینڈ ریسورس اکنامکس اور دی ایگ اکون فرنٹیئرز کی خدمات اور وژن کو سراہا۔

انہوں نے نوجوان محققین کو بااختیار بنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہیں‘‘تبدیلی کے علمبردار’’قرار دیا جو کاشتکاروں، خاندانوں اور زرعی کمیونٹیز کے لیے مسائل کا حل پیش کریں گے۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد خالد بشیر، پروفیسر ڈاکٹر قدمبوط صدیق(آسٹریلیا)، پروفیسر ڈاکٹر محمد امین الرحمن (بنگلہ دیش) اور ڈاکٹر اعجاز قریشی (آسٹریلین نیشنل یونیورسٹی) نے بھی خطاب کیا۔

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر اصغر علی نے کہا کہ اس کانفرنس کو علمی پلیٹ فارم اور اشتراک، مکالمہ، باہمی تخلیق کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ جدید ٹیکنالوجیز جیسے مصنوعی ذہانت، بلاک چین اور بگ ڈیٹا کو مقامی دانش، شراکتی حکمرانی، اور کمیونٹی کی قیادت میں ہونے والی موافقت کے ساتھ ہم آہنگ کر کے ماحولیاتی طور پر کمزور دنیا میں پائیدار زرعی نظام کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔