ایبٹ آباد،میٹرک امتحانات کے دوران نظم و ضبط قائم رکھنے کے لئے دفعہ 144 نافذ

پیر 6 اکتوبر 2025 16:42

ایبٹ آباد،میٹرک امتحانات کے دوران نظم و ضبط قائم رکھنے کے لئے دفعہ ..
ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اکتوبر2025ء) ایبٹ آباد میں میٹرک امتحانات کے دوران نظم و ضبط قائم رکھنے کے لئے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ،ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سرمد سلیم اکرم نے ضلع بھر میں شروع ہونے والے میٹرک امتحانات کے دوران منصفانہ اور شفاف امتحانی عمل کو یقینی بنانے کے لیے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144 نافذ کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

یہ فیصلہ نقل کے سدباب اور امتحانی ماحول میں نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ احکامات 08 اکتوبر سے 05 نومبر تک نافذ العمل رہیں گے اور اس دوران امتحانی مراکز کے اردگرد 200 گز کے اندر ہر قسم کے عوامی اجتماع،جلسے یا گروپ کی صورت میں جمع ہونے پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔

(جاری ہے)

، اس کے علاوہ گائیڈز،حل شدہ پرچے،نوٹس یا کسی بھی غیر مجاز تعلیمی مواد کی فروخت یا تقسیم نہیں ہوگی تاکہ طلبہ کو غیر قانونی ذرائع سے فائدہ حاصل نہ ہو۔

امتحانی مراکز کے اندر موبائل فونز،سمارٹ واچز اور کسی بھی قسم کی الیکٹرانک ڈیوائسز کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا ہے کہ ان احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188 تعزیراتِ پاکستان کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس میں جرمانہ یا قید کی سزا بھی شامل ہو سکتی ہے۔