Live Updates

محکمہ زراعت کی جانب سے دھان کے پتّوں کے جراثیمی جھلساؤ کے کنٹرول کیلئے سفارشات جاری

جمعرات 21 اگست 2025 21:01

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2025ء) محکمہ زراعت نےدھان کے پتّوں کے جراثیمی جھلساؤ کے کنٹرول کیلئے سفارشات جاری کر دی ہیں۔اس حوالے سے ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ و کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز محکمہ زراعت (پلانٹ پروٹیکشن ) سیالکوٹ ڈاکٹر مقصود احمد نے کہا ہے کہ دھان کے پتوّں کا جراثیمی جھلساؤ ایک خطرناک بیماری ہے۔صوبہ پنجاب کے بعض علاقوں میں دھان کی اگیتی فصل پراس بیماری کا حملہ مشاہدہ میں آیا ہے۔

اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ اس بیماری میں پتوں پر بیماری کی علامات سفید/پیلی نمدار دھاری کی شکل میں ظاہر ہوتی ہیں اور یہ پتے کی نوک اور کناروں سے شروع ہو کر لمبائی اور چوڑائی میں بڑھتی ہے۔ جب بیماری شدت اختیار کر جاتی ہے تو پتے سے دودھیا مادے خارج ہوتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں اوربیماری سے بری طرح متاثرہ پتے تیزی سے خشک ہو کر گل سڑ جاتے اور آخرکار مر جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ بیماری دھان کی فصل میں ایک بیکٹیریا کی وجہ سے ہوتی ہے۔ یہ بیکٹیریا جڑی بوٹیوں، دھان کے مڈھوں پر رہتے ہیں۔ بیماری سے متاثرہ بیج بھی بیماری پھیلانے کا ذریعہ بنتے ہیں۔ درمیانہ درجہ حرارت زیادہ نمی کے ساتھ بارش اور دھان کے کھیتوں میں گہرا پانی اس بیماری کو پھیلانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ زخمی پودوں پر بیماری کے حملے کا احتمال بڑھ جاتا ہے۔

تیز ہوا سے بھی بیماری کھیت میں پھیلتی ہے۔ مزید براں،بہت زیادہ نائٹروجنی کھاد کا استعمال بیماری کو بڑھاتا ہے۔اس بیماری سے بچاؤ کیلئے پتا لپیٹ سنڈی، دیگر سنڈیوں اور ٹڈوں کے حملے کو روکا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کھالوں اور وٹوں کو صاف رکھاجائے اور ان میں جڑی بوٹیاں نہ اُگنے دی جائیں کیونکہ جڑی بوٹیوں کے کم ہونے سے پتوں کو زخمی کرنے والے ٹڈوں کی تعداد بھی کم ہو گی۔

اس کے علاوہ پانی کی سطح کو 3 انچ سے زیادہ نہ بڑھنے دیا جائے اور کھیت کے متاثرہ حصے سے صحت مند فصل کی طرف بھی پانی کے بہاؤ کو روکاجائے۔بیماری سے متاثرہ چھوٹی ٹکڑیوں اور ان کے ہمراہ آدھے میٹر کے گھیرے میں موجود صحت مندپودوں کو کاٹ کر کھیت سے دوردفن کر دیا جائے۔اس کے علاوہ محکمہ زراعت پنجاب(توسیع یا پیسٹ وارننگ) کے مقامی عملہ کے مشورہ سے وقفہ قبل از برداشت کو مدِ نظر رکھتے ہوئے زرعی زہروں کا سپرے کریں۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات