لاہور پولیس کے مزید 55 افسران کو پروموشن رینک لگانے کی تقریب

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ترقی پانے والے افسران کو پروموشن رینک لگائے

جمعرات 21 اگست 2025 19:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2025ء)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر سب انسپکٹر سے انسپکٹر کے عہدے پر ترقی پانے والے لاہور پولیس کے مزید 55 افسران کو پروموشن رینک لگانے کی تقریب سنٹرل پولیس آفس میں منعقد کی گئی۔ آئی جی پنجاب نے ترقی پانے والے افسران کو پروموشن رینک لگائے۔اس موقع پر آئی جی پنجاب نے کہا کہ رواں سال اب تک 5 پروموشن بورڈز میں 765 سب انسپکٹرز کو ترقی دے چکے ہیں۔

75 ٹریفک وارڈنز کو سینئر ٹریفک وارڈنز کے عہدے پر ترقی دی گئی۔اڑھائی سال میں 26 ڈی پی سی کے ذریعے 3175 افسران کو ترقی دی گئی۔2107 سب انسپکٹرز کو انسپکٹر، 1068 ٹریفک وارڈنز کو سینئر ٹریفک وارڈنز کے عہدوں پر ترقی دی گئی۔ انھوں نے کہا کہ ہراسگی اور مالیاتی فراڈ کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر صوبائی سطح پر سائبر کرائم ڈیپارٹمنٹ قائم کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

پنجاب بھر میں سیف سٹیز اتھارٹی کے تحت ایک لاکھ 35 ہزار کیمروں کے ذریعے مقامات کی میپنگ کی جا رہی ہے۔ اگلے پروموشن بورڈز میں سلیکشن کا طریقہ کار زیادہ سخت ہو گا جبکہ متعلقہ آر پی اوز بھی آن لائن موجود ہوں گے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ نان سٹاپ پروموشنز، ویلفیئر، اپ گریڈیشن، ڈرونز، ہائی ٹیک آلات کے جواب میں شہریوں کی بے لوث خدمت کریں۔

سیف سٹیز، ایلیٹ، سی سی ڈی، رائٹ مینجمنٹ، ٹورازم پولیس، ایگزیکٹو، لیگل اور پٹرولنگ میں نئی سیٹیں آنے سے ترقیوں کا راستہ کھلا ہے۔ فورس گورننس کے تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے بہترین پولیسنگ سے حکومتی رٹ قائم کرے۔تقریب میں ایڈیشنل آئی جی پنجاب سلطان احمد چوہدری، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ون سلیمان سلطان رانا، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ٹو کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک، اے آئی جی انسپکشن شائستہ ندیم اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔