محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت خیبرپختونخوا رورل ایکسیسبلٹی پراجیکٹ بارے اجلاس

جمعرات 21 اگست 2025 19:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2025ء)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے مواصلات و تعمیرات محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت جمعرات کے روز پشاور میں "خیبرپختونخوا رورل ایکسیسبلٹی پراجیکٹ (KP-RAP)" کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں مذکورہ منصوبے کے پراجیکٹ ڈائریکٹر سمیت محکمہ مواصلات و تعمیرات اور محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی، اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبائی حکومت اور ورلڈ بینک کا یہ مشترکہ منصوبہ ہے جس کا مقصد پرائمری اور مڈل سکولوں میں زیر تعلیم طالبات کے سکول آنے جانے لیے محفوظ اور سستی سفری سہولت کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔

(جاری ہے)

اس منصوبے کے تحت دیہی سڑکوں کی تعمیر ومرمت اوربحالی و نگرانی کے ساتھ ساتھ پسماندہ خاندانوں سے تعلق رکھنے والی بچیوں کے لیے مفت سکول ٹرانسپورٹ فراہم کی جائے گی،اس منصوبے کا آغاز ستمبر 2024 میں ڈیرہ اسماعیل خان، لکی مروت، ہنگو، لوئر کوہستان، کولائی پالس اور تورغر کے اضلاع میں کیا گیا جبکہ تعلیمی سال 2025 سے اس منصوبے میں بنوں، کوہاٹ، چارسدہ اور اپر کوہستان کے اضلاع کو بھی شامل کیا گیا ہے، اجلاس میں منصوبے کے پی سی-ون پر بھی تفصیلی غور کیا گیا، اس موقع پر معاونِ خصوصی محمد سہیل آفریدی نے ہدایت کی کہ منصوبے کی شفاف تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے کیونکہ یہ عوامی مفاد کا منصوبہ ہے اور اس میں کسی قسم کی بے ضابطگی برداشت نہیں کی جائے گی، انہوں نے واضح کیا کہ یہ عوام کا پیسہ ہے اور اس کے درست اور منصفانہ استعمال کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔