۔رحیم یارخان،جرائم پر کنٹرول اور ٹریفک نظام کوبہتر بنانے کیلئے شہر میں لگائے گئے سیف سٹی کیمرے پولیس کمائی کا ذریعہ بن گئے

ج*کیمروں کے ذریعے غریب شہریوں کے درجنوں کے حساب سے چالان کئے جانے لگے ش*ٹریفک سگنلز عرصہ دراز سے خراب ،حادثات اورٹریفک جام کے مسائل معمول بن گئے

جمعرات 21 اگست 2025 20:20

رحیم یارخان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اگست2025ء)جرائم پر کنٹرول اور ٹریفک نظام کوبہتر بنانے کیلئے شہر میں لگائے جانیوالے سیف سٹی کیمرے پولیس کمائی کا ذریعہ بن گئے‘ سیف سٹی کیمروں کے ذریعے غریب شہریوں کے درجنوں کے حساب سے چالان کئے جانے لگے‘ شہر کے مصروف ترین چوراہوں پر نصب ٹریفک سگنلز عرصہ دراز سے خراب ہیں جس کے باعث حادثات اورٹریفک جام کے مسائل معمول بن گئے جبکہ ان مسائل کوکنٹرول کرنے کیلئے لگائے گئے سیف سٹی کیمرے شہریوں کو کوئی سہولت نہ دے سکے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک کے بہاؤ کو منظم کرنے اور حادثات کو روکنے والے سگنلز تو مسلسل نظر انداز ہو رہے ہیں لیکن عوام سے جرمانے وصول کرنے کا جدید ترین نظام بلا روک ٹوک چل نکلا ہے جبکہ اصل ظلم یہ ہے کہ جب کسی شخص کوٹریفک پولیس کی جانب سے روک کر اس کا شناختی کارڈ چیک کیاجائے توپتہ چلتا ہے کہ سیف سٹی کیمروں کے ذریعے اس کے درجنوں ٹریفک چالان ہوچکے ہیں اور اچھی خاصی بھاری رقم کے جرمانے واجب الادا ہیں۔

(جاری ہے)

شہر میں زیبرا کراسنگ ہے نہ ٹریفک سنگنلزورکنگ میں ہیں اس کے باوجود سیف سٹی کیمروں کے ذریعے دھڑا دھڑ عوام کے چالان جاری ہیں۔شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ پہلے مرحلے میں ٹریفک سگنلز کیاجائے اور سیف سٹی کیمروں کے ذریعے چالان کا کوئی طریقہ کار واضح کیاجائے تاکہ شہریوں کوچالان بارے بروقت اطلاع موصول ہوسکی

متعلقہ عنوان :