منشیات فروشوں کیخلاف مہم جاری، تعلیمی اداروں سے 1457کلو منشیات برآمد ، تفصیل سینیٹ میں پیش

جمعرات 21 اگست 2025 21:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2025ء)ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں طلبا کو منشیات فروخت کرنیوالوں کیخلاف مہم جاری ہے ،9ماہ کے دوران 263 اداروں میں کارروائی کے دوران 1457کلو منشیات پکڑی گئی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی جانب سے سینٹ میں پیش کی گئی تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ تعلیمی اداروں میں انسداد منشیات مہم ستمبر 2024میں شروع ہوئی، مہم کے دوران تعلیمی اداروں سے 145کلو گرام کلو حشیش، 14کلو گرام افیون جبکہ پانچ کلوہیروئن اور کوکین برآمد کی گئی، برآمد کی گئی منشیات طلبا کو سپلائی کی جانی تھیں۔

تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی کرنے والے 451ملزم بھی گرفتار کئے گئے۔ اے این ایف نے ملزمان کے خلاف تین سو پچانوے مقدمات درج کئے۔ سینیٹ کو دی گئی معلومات کے مطابق منشیات فروشی میں ملوث 10طلباء بھی گرفتار ہوئے جب کے خلاف مقدمات درج ہیں۔ اے این ایف کے یونیورسٹیوں میں منشیات فروشی کے خلاف اقدامات جاری ہیں۔ محسن نقوی نے بتایا کہ اے این ایف اسکول کالجز کے داخلی نظام میں براہ راست مداخلت نہیں کرتی، تعلیمی اداروں کے اردگرد منشیات فروشوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائی ہوتی ہے۔