ایف آئی اے فیصل آباد کی کارروائی ، انسانی سمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا

جمعرات 21 اگست 2025 21:50

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2025ء) ایف آئی اے فیصل آباد نے انسانی سمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث 2 ملزمان گرفتار کرلئے۔ تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے فیصل آباد زون نے مختلف کارروائیوں میں انسانی سمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث 2 ملزمان ظفر اقبال اور فخر امام کو گرفتار کرلیا۔ حکام نے بتایا کہ ملزم ظفر اقبال نے متاثرہ شہری کو یو اے ای ملازمت کا جھانسہ دے کر بھاری رقم وصول کی۔

ملزم نے مجموعی طور پر 3000 درہم اور 215000 روپے ہتھیائے۔ ملزم شہری کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہا اور روپوش ہو گیا۔ حکام نے مزید بتایا کہ ملزم فخر امام نے مسافر کو جعلی دستاویزات پر نیوزی لینڈ بھجوانے کی کوشش کی۔ملزم نے مجموعی طور پر67 لاکھ روپے بینک اکاونٹ میں وصول کئے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل بھی مذکورہ مقدمے میں مسافر کو ایجنٹوں سمیت گرفتار کیا گیا تھا۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق محمد ندیم نامی مسافر کو جعلی ویزہ کی بنیاد پر آف لوڈ کیا گیا ۔مسافر نے فیصل آباد سے دبئی کے راستے نیوزی لینڈ جانے کی کوشش کی تھی۔گرفتار مسافر صادق علی ، محمد فہد اور عامر اعجاز نامی ایجنٹوں سے رابطے میں تھا ۔مسافر نے مذکورہ ایجنٹوں کو نیوزی لینڈ کے ویزہ حاصل کرنے کے لیے 67 لاکھ روپے ادا کئے تھے۔ایجنٹوں نے مسافر کو جعلی ویزہ اور دیگر دستاویزات فراہم کی تھیں۔