ایم ڈبلیو ایم سی نے ناقص کارکردگی پر ڈائیو کمپنی کے اربوں روپے کے ٹھیکے منسوخ کر دیئے ہیں، چئیرمین ایم ڈبلیو ایم سی

جمعرات 21 اگست 2025 22:10

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2025ء) چئیرمین ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی(ایم ڈبلیو ایم سی)میاں راشد اقبال نے کہا ہے کہ بورے والا اور میلسی تحصیلوں میں ناقص کارکردگی پر ڈائیوو کمپنی کے اربوں روپے مالیت کے ٹھیکےمنسوخ کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متعدد وارننگز اور نوٹسز کے باوجود ڈائیوو کمپنی معاہدے کی شرائط پوری کرنے میں ناکام رہی، جس پر کمپنی کو ڈیفالٹ قرار دیتے ہوئے معاہدہ ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

چیئرمین ایم ڈبلیو ایم سی نے ایک پریس کانفرنس میں میڈیا کو بتایا کہ ڈائیوو کو پہلی وارننگ 26 مئی، دوسری 10 جولائی جبکہ 9 اگست کو ڈیفالٹ نوٹس جاری کیا گیا تھا۔ اس کے باوجود کارکردگی میں کوئی بہتری نہ آئی۔ ستھرا پنجاب پروگرام میں ناقص کارکردگی برداشت نہیں کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اب بورے والا اور میلسی میں صفائی آپریشن ایم ڈبلیو ایم سی خود سنبھالے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب ستھرا پنجاب منصوبے پر اربوں روپے خرچ کر رہی ہے تاکہ عوام کو صاف ستھرے شہروں کی سہولت مل سکے، مگر ڈائیوو کمپنی نو ماہ گزرنے کے باوجود آپریشنل سائٹ قائم کرنے میں ناکام رہی۔ یہ سنگین معاہداتی خلاف ورزی ہے جس سے کے پی آئی پیز بھی متاثر ہوئے اور عوامی شکایات میں اضافہ ہوا۔میاں راشد اقبال نے مزید بتایا کہ ڈائیوو کمپنی کے خلاف کئی مواقع پر کارروائی کی گئی۔

15 جنوری کو آپریشنل تاخیر پر وارننگ، 8 فروری کو ڈی سی وہاڑی کی ایڈوائزری، 19 فروری کو غیر تعمیل پر وارننگ اور 5 مارچ کو سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کی جانب سے معاہدہ خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی گئی۔ اس کے علاوہ تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر 18 مارچ کو وضاحت طلب کی گئی جبکہ 13 جون کو کارکردگی کے ڈیش بورڈ کے مطابق کے پی آئی پیز بہتر بنانے کی ہدایت دی گئی۔غیر پیشہ ورانہ رویے اور ذمہ داری کی کمی پر کمپنی کو 14 جولائی کو شوکاز نوٹس جاری ہوا۔ مختلف فورمز سے موصول ہونے والی شکایات اور لوکل گورنمنٹ و ضلعی انتظامیہ کی رپورٹس نے بھی ڈائیوو کمپنی کی ناقص کارکردگی کو بے نقاب کیا۔