صوبائی وزیر اوقاف محمد عدنان قادری کا ضلع بونیر کے سیلاب متاثرہ علاقوں اور مذہبی مقامات کا دورہ، متاثرین میں امدادی سامان تقسیم کیا

جمعرات 21 اگست 2025 22:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2025ء) خیبرپختونخوا کے وزیر برائے اوقاف و مذہبی امور محمد عدنان قادری نے جمعرات کو سیلاب سے متاثرہ ضلع بونیر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے متاثرہ علاقوں اور مساجد کا جائزہ لیا اور متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی۔ وزیر اوقاف نے متاثرین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ مشکل کی اس گھڑی میں حکومت ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں مساجد کو ہونے والی نقصانات کا تخمینہ لگا رہے ہیں تاکہ اس کو عوام کے فی الفور بحال کیا جائے۔ محمد عدنان قادری نے اپنے دورے کے دوران پیر بابا کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے وہاں قائم مسجد کا بھی معائنہ کیا اور سیلاب کے باعث ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ان کے ہمراہ مسلم ہینڈز کے ریجنل ڈائریکٹر رحیم اللہ بھی موجود تھے۔

مشترکہ طور پر متاثرہ خاندانوں میں خوراک اور ہائجین کٹس تقسیم کیے گئے جب کہ عوام کو بنیادی طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ایک میڈیکل کیمپ بھی لگایا گیا، جہاں متاثرین کو علاج معالجے کی سہولت فراہم کی گئی۔وزیر اوقاف کے اس دورے میں ضلعی انتظامیہ کے افسران اور منتخب عوامی نمائندے بھی موجود تھے جنہوں نے متاثرہ علاقوں کی صورتحال اور امدادی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی۔

محمد عدنان قادری نے اس موقع پر کہا کہ حکومت متاثرین کی بحالی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور کسی کو بھی اکیلا نہیں چھوڑا جائے گا، جہاں کہیں مذہبی مقام یا مسجد کو نقصان پہنچا ہے اس کی دوبارہ تعمیر ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی اور فلاحی اداروں کے اشتراک سے متاثرین کی ضروریات فوری پوری کی جا رہی ہیں۔